بلدیاتی الیکشن ،دھاندلی کیلئے نواز پبلسٹی پیکیج کا اعلان کیا گیا ‘پرویزالٰہی

بلدیاتی الیکشن ،دھاندلی کیلئے نواز پبلسٹی پیکیج کا اعلان کیا گیا ...

  

  لاہور(جنرل رپورٹر)مسلم لیگ کے سینئرمرکزی رہنماچودھری پرویزالٰہی نے کہا ہے کہ بلدیاتی الیکشن سے قبل دھاندلی کیلئے کسانوں کے نام پر جس نواز پبلسٹی پیکیج کا اعلان کیا گیا ہے وہ صوبوں سے مشورہ کے بغیر آدھا رہ گیا ہے کیونکہ 341ارب روپے کے پیکیج میں سے 120ارب صوبوں کے ذمہ ڈالے گئے ہیں لیکن آصف علی زرداری اور عمران خان کی حکومتیں ان کی پبلسٹی کیلئے اپنے صوبوں کے فنڈز کیوں دیں گی، پنجاب میں بلدیاتی الیکشن پولیس اور ڈی سی اوز کا ہے جو آزاد امیدواروں کو زبردستی( ن )لیگ کے ٹکٹ دے رہے ہیں اور بلدیاتی نتائج بھی خود تیار کریں گے۔ وہ یہاں اپنی رہائش گاہ پر طارق بشیر چیمہ ایم این اے، چودھری ظہیرالدین اور تنویراعظم چیمہ کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔ چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ یہ حکمران یوتھ لون، آشیانہ، کراچی اور شہداء کے ورثا کے نام پر ماضی میں 4 پیکیج اعلان کر چکے ہیں لیکن ان کی طرح کسانوں کیلئے بھی یہ ریلیف نہیں تکلیف پیکیج ہے جبکہ گندم، سبزیوں، گنا وغیرہ کے کاشتکاروں کیلئے کوئی اعلان کیا ہی نہیں گیا۔ حکومت نے خود اب تک ایک بھی سولر ٹیوب ویل نہیں چلایا اور سولر پاور پلانٹ پر بھی 16ارب لگا کر 15میگاواٹ بجلی پیدا کر رہے ہیں۔ چودھری پرویزالٰہی نے پشاور میں نمازیوں، فوجی افسر اور اہلکاروں کی شہادت پر ان وطن کے محافظوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے اس بات کو سراہا کہ آرمی اور ایئرچیف فوراً موقع پر پہنچے۔ انہوں نے کہا آج حاسدوں کے سوا پوری قوم راحیل شریف کے ساتھ ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر تمام اپوزیشن جماعتیں الیکشن کمیشن کے ارکان کے استعفیٰ تک بائیکاٹ پر متفق نہ ہوئیں تو 2013ء کے الیکشن سے بھی بڑھ کر دھاندلی ہو گی۔

مزید :

صفحہ اول -