توانائی بحران حل کرنے کیلئے ہر ممکن معاونت تیار ہیں

توانائی بحران حل کرنے کیلئے ہر ممکن معاونت تیار ہیں

  

 لاہور (آئی این پی) امریکی قونصل جنرل زچیری ہرکنڈر نے کہا ہے کہ امریکہ پاکستان میں توانائی کے بحران سے بخوبی آگاہ اور اسے حل کرنے کے لیے ہر ممکن معاونت کرنے کو تیا رہے۔ وہ لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں خطاب کررہے تھے۔ لاہور چیمبر کے صدر اعجاز اے ممتاز، سینئر نائب صدر میاں نعمان کبیر اور سابق صدر عرفان قیصر شیخ نے بھی اس موقع پر خطاب کیا۔ امریکی ڈپلومیٹ نے کہا کہ پاکستان کو دی جانے والی معاونت کا محور توانائی کا شعبہ ہے کیونکہ اس کے بغیر معاشی ترقی ممکن نہیں۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ اور پاکستان کے درمیان تجارتی و معاشی تعاون کو فروغ دینے کی وسیع گنجائش ہے جس سے فائدہ اٹھانے کے لیے دونوں ممالک کے نجی شعبہ کو آگے آنا چاہیے۔ لاہور چیمبر کے صدر اعجاز اے ممتاز نے اپنے خطاب میں کہا کہ یو ایس قونصلیٹ تاجر برادری سے تعلقات مستحکم کرنے کے لیے قابل تحسین اقدامات اٹھارہا ہے۔ انہوں نے امریکی قونصل جنرل پر زور دیا کہ وہ کراچی قونصلیٹ کی طرز پر لاہور میں بھی ویزا کے اجراء کی سہولت کا آغاز کریں ، فی الوقت تاجروں کو ویزا کے حصول کے لیے اسلام آباد جانا پڑتا ہے ۔اعجاز اے ممتاز نے کہا کہ امریکہ پاکستان کا بہت اہم تجارتی حصے دار ہے، سال 2013ء میں پاکستان نے امریکہ کو 3.75ارب ڈالر مالیت کی اشیاء برآمد اور 1.67ارب ڈالر مالیت کی اشیاء درآمد کیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی کاروباری برادری امریکی مارکیٹوں تک زیادہ سے زیادہ رسائی کی خواہش رکھتی ہے، دونوں ممالک کے درمیان تجارت کو مزید فروغ دینے کے لیے دونوں ممالک کے تاجروں کے درمیان روابط مزید مضبوط کرنا ہونگے، اس سلسلے میں تجارتی وفود کا تبادلہ بہت اہم کردار ادا کرسکتا ہے۔ لاہور چیمبر کے صدر نے کہا کہ اس وقت پاکستان براہِ راست بیرونی سرمایہ کاری بڑھانے کے لیے تگ و دو کررہا ہے۔ انہوں نے امریکی قونصلیٹ پر زور دیا کہ وہ پاکستان میں سرمایہ کاری کے فروغ میں مدد کریں۔ انہوں نے ٹرانسفر آف ٹیکنالوجی اور دونوں ممالک کے چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے درمیان مستقل پیمانے پر روابط کی ضرورت پر بھی زور دیا۔

مزید :

علاقائی -