نیب خیبرپختونخوا کی کارروائی، ایوب میڈیکل کالج کے سابق پرنسپل پروفیسرڈاکٹر محمد ایوب گرفتار
پشاور(مانیٹرنگ ڈیسک)نیب خیبرپختونخوا نے کارروائی کرتے ہوئے ایوب میڈیکل کالج کے سابق پرنسپل پروفیسرڈاکٹر محمد ایوب کوگرفتارکرلیا۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان میں کچھ عرصے سے بدعنوان لوگوں کی شامت آئی ہوئی ہے بالخصوص سندھ میں بہت سے کرپٹ افراد کو نیب اور رینجرز نے گرفتار کیا ہے جن میں بڑے بڑے نام شامل ہیں۔ سندھ میں بدعنوانی کیخلاف آپریشن پر بہت ہاہاکار مچی ، ایم کیو ایم اورپیپلز پارٹی نے سندھ کو تعصب کا نشانہ بنانے کا الزام بھی لگایا ۔ سندھ کے بعد نیب نے پنجاب کا رخ کیا اور جمعرات کے روز ایک اجلاس میں پنجاب کے بدعنوان عناصر کیخلاف کارروائی کا فیصلہ کیا گیا۔پنجاب کے بعد اب نیب نے خیبرپختونخوا کارخ کرلیا ہے جہاں کارروائی کرتے ہوئے ایوب میڈیکل کالج ایبٹ آبادکے سابق پرنسپل پروفیسرڈاکٹر محمد ایوب کو گرفتار کرلیا ہے۔ ملزم پر اختیارات کا ناجائز استعمال اور 55 لاکھ سے زائد کی رقم خورد برد کرنے کا الزام ہے۔