راولپنڈی کے ڈاکٹروں نے " چیلنج" سمجھ کرڈینگی کا مقابلہ کیا: سلمان رفیق
لاہور(نمائندہ خصوصی )مشیر صحت پنجاب خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ لاروا اور ڈینگی مچھر کی افزائش روکنے کے لیئے میڈیکل ریسرچ پر بھر پور توجہ دی جائے۔
انہوں نے کہا کہ راولپنڈی میں حالیہ سیزن کے دوران ڈینگی کے کیس رپورٹ ہونے پر ڈاکٹروں ٬ پیرا میڈیکل سٹاف اور کمیونٹی نے قومی جذبے کے ساتھ کام کر کے اس چیلنج کا مقابلہ کیا ہے اور یہ امر حوصلہ افزا ہے کہ ڈینگی مریضوں کی فوری تشخیص و علاج معالجے سے جانی نقصان نہیں ہوا اور اجتماعی کوششوں سے ڈینگی کے بارے میں ہر سطح پر شعوری آگاہی میں اضافہ ہوا ہے اور شہری از خود احتیاطی تدابیر اختیار کر رہے ہیںانہوں نے یہ بات راولپنڈی میڈیکل کالج کے نیو ٹیچنگ بلاک ہولی فیملی ہسپتال میں ڈینگی آگاہی سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔
سیمینار میں سیکرٹری صحت پنجاب جواد رفیق ملک٬ وزیر اعلی ڈینگی ریسرچ سیل کے انچارج ڈاکٹر وسیم اکرم٬ قائم مقام کمشنر راولپنڈی ساجد ظفر ڈال٬ پرنسپل راولپنڈی میڈیکل کالج پروفیسر محمد عمر٬ ای ڈی او ہیلتھ ڈاکٹر ناصر محمود٬ ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ ڈینگی کنٹرول ڈاکٹر ظفر اسلام ٬ میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ہولی فیملی ہسپتال ٬ ڈاکٹروں٬ نرسنگ و پیرا میڈیکل سٹاف اور میڈیکل سٹوڈنٹس نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
انہوں نے کہا کہ راولپنڈی کے ہولی فیملی ہسپتال اور دیگر ہسپتالوں کے ڈاکٹرزنے ڈینگی کے مریضوں کے علاج معالجے کیلئے شاندار خدمات سرانجام دی ہیں اور بالخصوص ہولی فیملی ہسپتال میں ڈینگی مریضوں کے لیئے طبی سہولیات کے بہترین انتظامات اطمینان بخش ہیں جن کی وجہ سے ڈینگی کے مریض تیزی سے صحت یاب ہو رہے ہیں انہوں نے کہاکہ وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف کی ہدایات پر بروقت اقدامات اور ڈینگی ورکرز کی ان تھک محنت سے ڈینگی پر قابو پانے میں مدد مل رہی ہے اور تمام ادارے بھی اس سلسلے میں کلیدی کردار ادا کر رہے ہیں۔
وزیراعلی پنجاب کے مشیر برائے صحت نے گزشتہ روز پشاور میں دہشت گردوں کے ساتھ لڑتے ہوئے دفاع وطن کے لئے اپنی جان کا نذرانہ پیش کرنے والے شہید کیپٹن اسفند یار بخاری کے گھر جا کر ان کے اہل خانہ کے ساتھ اظہارتعزیت کیا۔اس موقع پر خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ کیپٹن اسفند یار نے جانفشانی کے ساتھ دشمن کے ساتھ لڑتے ہوئے دفاع وطن کے لئے اپنی جان کی قربانی دے کر اپنے اہل خانہ اور قوم کا سر فخر سے بلند کر دیا ۔