امپورٹرز کیلئے اصل دستاویزات ڈیلر ز کے پاس جمع کرانے کی شرط ختم

امپورٹرز کیلئے اصل دستاویزات ڈیلر ز کے پاس جمع کرانے کی شرط ختم

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

 کراچی (آن لائن)اسٹیٹ بینک نے اوپن اکاونٹ کی بنیاد پر درآمدات سے متعلق نظرثانی شدہ ہدایات جاری کر تے ہوئے اوپن اکاونٹ کی بنیاد پر درآمدات کی ادائیگی کے لیے امپورٹرز کی طرف سے شپنگ،ٹرانسپورٹ کی اصل دستاویزات مجاز ڈیلرز کے پاس جمع کرانے کی شرط ختم کردی ۔ تفصیلات کے مطابق بینک دولت پاکستان نے بین الاقوامی تجارت کو سہولت دینے کی خاطر اوپن اکاونٹ کی بنیاد پر کی گئی درآمدات کی ادائیگی کے لیے امپورٹرز کی طرف سے شپنگ/ ٹرانسپورٹ کی اصل دستاویزات مجاز ڈیلرز کے پاس جمع کرانے کی شرط ختم کردی ہے۔مرکزی بینک کی جانب سے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق قبل ازیں، امپورٹرز پر لازم تھا کہ وہ درآمدات کی ادائیگیوں کے لیے دیگر شرائط کے علاوہ شپنگ/ٹرانسپورٹ کی اصل دستاویزات بھی مجاز ڈیلرز کو پیش کریں۔یہ اقدام مختلف اسٹیک ہولڈرز بشمول متعدد چیمبرز آف کامرس، امپورٹرز ، بینکوں وغیرہ کی درخواست پر کیا گیا ہے کیونکہ بین الاقوامی تجارت میں ٹرانسپورٹ کی اصل دستاویزات پیش کرنے کے بجائے اب یہ دستاویزات، ٹیلکس ریلیز وغیرہ برقی طور پر پیش کی جاتی ہیں تاکہ بیرونِ ملک ایکسپورٹر سے امپورٹر تک ان دستاویزات کی طبعی منتقلی پر لگنے والے اخراجات اور وقت کو بچایا جا سکے۔مزید برآں، اسٹیٹ بینک اور پاکستان کسٹمز کی جانب سے الیکٹرونک امپورٹ فارم(ای آئی ایف)پر عملدرآمد کے باعث پاکستان آنے والی درآمدات اور متعلقہ ادائیگیوں کی نگرانی کا عمل مضبوط ہوا ہے۔چنانچہ ایک امپورٹ کنسائمنٹ پر مختلف بینکوں کے ذریعے ایک سے زائد مرتبہ ادائیگی کے امکانات ختم ہوگئے ہیں۔اس سے نہ صرف امپورٹرز کو سہولت ملے گی بلکہ یہ ان ایکسپورٹرز کے لیے بھی مفید ہوگا جو برآمدی اشیا/مصنوعات کی تیاری کے لیے خام مال درآمد کرتے ہیں۔

مزید :

کامرس -