خوردنی تیل کیلئے خصوصی مہم ’’گندم ضرورت کیلئے‘ کینولہ منافع کیلئے‘‘ کا آغاز
ملتان(اے پی پی )محکمہ زراعت ملتان کے ترجمان نے کہا ہے کہ حکومت پنجاب اور آل پاکستان ، سالونٹ ایکسٹریکٹرز ایسوسی ایشن کے مشترکہ تعاون سے کینولہ فصل کی بروقت خریداری کو یقینی بنانے کیلئے علاقائی سطح پر مراکز کا قیام عمل میں لایا جائے گا۔ سبسڈی کی رقم کے ساتھ کینولہ فصل کی 2500 روپے فی من میں فروخت کی کمی بیشی کو مدنظر رکھتے ہوئے کاشتکار کی مالی معاونت بھی کی جائے گی۔ ترجمان نے کہا کہ خوردنی تیل کی ضروریات کو پورا کرنے کیلئے خصوصی مہم ’’گندم ضرورت کیلئے، کینولہ منافع کیلئے‘‘ کا آغاز ہوچکا ہے ۔ خادم پنجاب کسان پیکج کے تحت رجسٹرڈ کاشتکاروں کو کینولہ کاشت کرنے پر 5 ہزار روپے فی ایکڑ سبسڈی کی رقم بذریعہ واؤچر کینولہ بیج کی تھیلی میں فراہم کی جارہی ہے ۔
یہ سبسڈی 10ایکڑ تک کینولہ کاشت کرنے والے کاشتکاروں کو فراہم کی جائے گی۔ سبسڈی کے حصول کے لئے رجسٹرڈ کاشتکار کینولہ بیج کے تھیلے سے برآمد ہونے والے سکریچ کارڈ کا نمبر سپیس ڈال کر اپنے شناختی کارڈ نمبر کے ساتھ 8070 پر ایس ایم ایس کریں گے۔ جوابی ایس ایم ایس موصول ہونے پر کاشتکار اپنے قریبی موبائل (ایزی لوڈ) شاپ سے ایک ہزار روپے فوری وصول کریں گے جبکہ بقایا رقم چار ہزار روپے فصل کی کٹائی پر موصول ہونے والے ایس ایم ایس کی بنیاد پر ملے گی۔ اس سبسڈی سکیم کے تحت تیلدار اجناس کی فی ایکڑ پیداوار میں اضافہ ہوگا جس سے تیلدار اجناس کی درآمد پر اٹھنے والے اخراجات میں کمی ہوگی۔ آئی سی آئی پاکستان، سیجینٹا پاکستان اور جالندھر سیڈ کارپوریشن سبسڈی واؤچرز والے کینولہ بیج کی تھیلیاں فراہم کررہے ہیں۔