پنجاب میں جدید نظام آبپاشی اور موسمیاتی مطابقت کی ٹیکنالوجی کے فروغ پر کام کی رفتار تیز
راولپنڈی( اے پی پی ) محکمہ زراعت پنجاب نے جدید نظام آبپاشی اور موسمیاتی مطابقت کی ٹیکنالوجی کے فروغ کے لئے سوا دو ارب روپے کی لاگت سے جاری منصوبوں پر کام کی رفتار تیز کر دی اور پوٹھوہار سمیت صوبہ کے تمام اضلاع میں جدید نظام آبپاشی سے کاشتکاروں کو استفادہ کے لیے آگاہی شروع کر دی گئی ہے ۔محکمہ زراعت پنجاب کے ذرائع نے اے پی پی کو بتایاکہ حکومت پنجاب جدید نظام آبپاشی کے فروغ کے لیے اعلان کردہ منصوبے کے لیے 2.25 ارب روپے کی خطیر رقم جاری کرتے ہوئے منصوبے پر کام کی رفتار میں اضافہ کر دیا ہے۔اس منصوبے کے لیے مالی سال 2016,17اور2018کے لیے سوا دو ارب روپے کی رقم مختص کی گئی تھی ۔منصوبے کے تحت ڈرپ / سپرنکلر نظام آبپاشی پر 60 فیصد سبسڈی، ٹنل کی تنصیب پر 50 فیصد سبسڈی، ڈرپ نظام آبپاشی چلانے کے لئے سولرسسٹم پر 80 فیصد سبسڈی شامل ہے۔ مالی سال 2016-17 سے لے کر اب تک 11 ہزار ایکڑ سے زائد رقبے پر ڈرپ نظام آبپاشی، 350 ایکڑ سے زائد رقبے پر ٹنل فارمنگ، 1500 ایکڑ سے زائد رقبے پر سولر سسٹم برائے ڈرپ / سپرنکلر نظام آبپاشی کی تنصیب کا کام مکمل ہو چکا ہے۔
جبکہ اسی منصوبے کے تحت 20 ہزار ایکڑ رقبے پر ڈرپ نظام آبپاشی چلانے کے لئے سولر سسٹم جبکہ 3 ہزار ایکڑ رقبے پر غیر موسمی سبزیاں اگانے کے لئے ٹنل ٹیکنالوجی کی تنصیب کی جائے گی۔