سرفراز احمد کی معروف عالم دین مولانا طارق جمیل سے ملاقات
کراچی (آن لائن)معروف عالم دین مولانا طارق جمیل نے کراچی میں چیمپین کپتان سرفراز احمد سے ملاقات کی ہے جس میں کرکٹ کے علاوہ دیگر امور پر بھی گفتگو کی گئی۔تفصیلات کے مطابق آزادی کپ کے کامیاب انعقاد اور پاکستان میں عالمی کرکٹ کی واپسی کے بعد مولانا طارق جمیل کی کپتان سرفراز احمد سے ملاقات ہوئی ہے جس میں کرکٹ کے علاوہ دیگر معاملات بھی زیر غور آئے۔اس سے قبل بھی مولانا طارق جمیل پاکستانی کرکٹرز سے ملاقاتیں کرتے رہے ہیں اور ان کی دعوت کی بدولت بہت سے کرکٹرز تبلیغ دین کا کام بھی کر رہے ہیں، ان میں سعید انور، شاہد آفریدی اور انضمام الحق کے نام نمایاں ہیں۔دوسری جانب سرفراز احمد حافظ قرآن اور دعوت اسلامی سے وابستہ ہیں اور گاہے بگاہے دعوت اسلامی کے مرکز فیضان مدینہ کے چکر لگاتے رہتے ہیں۔ سوشل میڈیا صارفین نے مولانا طارق جمیل اور سرفراز احمد کی اس ملاقات کو خوش آئند قرار دیا ہے اور کہا ہے کہ اس طرح کی ملاقاتوں سے پاکستان میں فرقہ پرستی کی فضا کم کرنے اور مختلف مسالک کو ایک دوسرے کے قریب لانے میں مدد ملے گی۔