عالمی بلائنڈ کرکٹ کپ کیلئے 23 کھلاڑی شارٹ لسٹ
لاہور (سپورٹس رپورٹر) پاکستان بلائنڈ کرکٹ کونسل نے آئندہ سال جنوری 2018ء میں ہونے والے پانچویں عالمی بلائنڈ کرکٹ کپ کیلئے 23 کھلاڑیوں کو شارٹ لسٹ کرلیا گیا تاہم ایونٹ کیلئے حتمی ٹیم کا اعلان نومبر کے پہلے ہفتے میں کیا جائے گا۔ پاکستان بلائنڈ کرکٹ کونسل کے چیئرمین سید سلطان شاہ نے بتایا کہ ورلڈ کپ میں قومی ٹیم کے انتخاب کیلئے تربیتی کیمپ اوکاڑہ میں لگایا گیا جس میں ملک بھر سے 34 نامور کھلاڑیوں کو مدعو کیا گیا تھا اور ٹیم کے انتخاب کیلئے تین رکنی کمیٹی بھی تشکیل دی تھی۔ انہوں نے کہا کہ تربیتی کیمپ میں سے 23 کھلاڑیوں کو شارٹ لسٹ کرلیا گیا ہے تاہم انہیں کھلاڑیوں کا تربیتی کیمپ جلد لگایا جائے گا جس میں سے حتمی 17 رکنی ٹیم کا اعلان نومبر کے پہلے ہفتے میں کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ پانچویں عالمی بلائنڈ کرکٹ کپ آئندہ سال جنوری 2018ء میں متحدہ عرب امارات اور پاکستان میں کھیلا جائے گا جس کے 24 میچز متحدہ عرب امارات میں اور فائنل سمیت 7 میچز پاکستان میں کھیلے جائیں گے۔