سروس ٹائرز 15 سائیڈ رگبی لیگ کی ڈویژن تھری کے میچز کا آغاز

سروس ٹائرز 15 سائیڈ رگبی لیگ کی ڈویژن تھری کے میچز کا آغاز

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور (سپورٹس رپورٹر) پاکستان رگبی یونین کے زیراہتمام پانچویں سروس ٹائرز 15 سائیڈ رگبی لیگ کی ڈویژن تھری کے میچز کا آغاز ہوگیا۔ پہلے میچ میں شاہین رگبی کلب میلسی نے وہاڑی رگبی کلب کو 15-5 سے جبکہ دوسرے میچ میں دنیا پور رگبی کلب نے کوٹ ادو رگبی کلب کو 13-5 سے شکست دی۔ پاکستان رگبی یونین کے صدر چودھری عارف سعید کا کہنا تھا کہ سروس ٹائرز لیگ کے پانچویں ایڈیشن کا آغاز اس کی چار سال سے مقبولیت کا منہ بولتا ثبوت ہے۔سروس ٹائرز نے ہمیشہ سے ہی رگبی کو سپورٹ کیا ہے اور مستقبل میں بھی سپورٹ کریں گے۔پہلا میچ شاہین رگبی کلب میلسی اور وہاڑی رگبی کلب کے درمیان میلسی میں کھیلا گیا ۔ میچ کے پہلے ہاف میں شاہین رگبی کلب کی طرف سے اکرم اور عبدالرشید نے ایک ایک ٹرائی سکور کرکے اپنی ٹیم کی برتری 10 پوائنٹس کی کرلی۔ دوسرے ہاف میں شاہین رگبی کلب میلسی کی طرف سے علی نے ایک اور ٹرائی سکور کرکے اپنی ٹیم کا سکور 15 کرلیا۔ میچ کے اختتامی لمحات میں وہاڑی رگبی کلب کی طرف سے عباس نے ٹرائی سکور کرکے اپنی ٹیم کا سکور 5 کردیا۔ اس طرح شاہین رگبی کلب نے یہ میچ 15-5 سے جیت لیا۔ ڈویژن تھری کا دوسرا میچ دنیا پور رگبی کلب اور کوٹ ادو رگبی کلب کی ٹیموں کے درمیان لودھراں رگبی گراؤنڈ میں کھیلا گیا جو دنیا پور رگبی کلب نے 13-5 سے جیتا۔میچ کے پہلے ہاف میں دونوں ٹیمیں کوئی بھی ٹرائی سکور کرنے میں ناکام رہیں ۔ دوسرے ہاف کے آغاز میں ہی دنیا پور کی طرف سے نوید نے ایک ٹرائی سکور کی جسے رضا نے کنورٹ کردیا اس طرح دنیا پور کے 8 پوائنٹس ہوگئے۔ پھر رضا نے ہی ٹرائی سکور کرکے ٹیم کا سکور 13 کردیا۔
دوسرے ہاف کے اختتامی لمحات میں کوٹ ادو کی طرف سے سجاد نے ایک ٹرائی سکور کرکے اپنی ٹیم کا سکور 5کردیا۔اس طرح دنیا پور کی ٹیم نے یہ میچ 13-3 سے جیت لیا۔