پنجاب یونیورسٹی میں تمام داخلے میرٹ پر ہوں گے،ڈاکٹر ظفر معین

پنجاب یونیورسٹی میں تمام داخلے میرٹ پر ہوں گے،ڈاکٹر ظفر معین

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور(خبرنگار) وائس چانسلر پنجاب یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر ظفر معین نے کہا ہے کہ پنجاب یونیورسٹی میں تمام داخلے میرٹ پر ہوں گے اور داخلوں کے مرحلے کے دوران امیدواروں کو ذیادہ سے ذیادہ سہولیات اور رہنمائی فراہم کی جائے گی۔ وہ پنجاب یونیورسٹی میں داخلہ سٹالز برائے تعلیمی سال 2017-18ء کے افتتاح کے موقع پر اساتذہ ، ملازمین اور طلباء سے گفتگو کر رہے تھے۔ اس موقع پرچیئرمین ایڈمیشن کمیٹی پروفیسر ڈاکٹر تقی زاہد بٹ، چیئرمین سٹال کمیٹی پروفیسر ڈاکٹر شاہد کمال، مختلف فیکلٹیوں کے ڈینز، صدور شعبہ جات اور داخلے کے لئے آئے امیدوار بھی موجود تھے۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر ظفر معین ناصر نے کہا کہ موجودہ انتظامیہ ہر شعبے میں بہتری لا رہی ہے اور آئندہ سال یونیورسٹی میں داخلوں کے لئے آن لائن درخواستیں وصول کی جائیں گی تاکہ امیدواروں کو ذیادہ سے ذیادہ سہولیات میسر آسکیں۔
انہوں نے کہا کہ اساتذہ طلباء و طالبات کی کردار سازی پر خصوصی توجہ دیں۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب یونیورسٹی انتظامیہ ایسا ماحول فراہم کر رہی ہے جس میں تحقیقی ، تعلیمی اور ہم نصابی سرگرمیوں کو فروغ مل رہا ہے۔
بعد ازاں وائس چانسلر ، اساتذہ اور دیگر افسران نے مختلف سٹالز کا دورہ کیا۔ پنجاب یونیورسٹی میں بی ایس آنرز،بی ایس ، بی ایڈ، بی بی آئی ٹی ، بی ایف اے ، بی کام ، بی بی اے،ایم اے، ایم ایڈ، ایم ایس سی ، ایم پی اے، ایم بی اے، ایم ایف اے، ایم کام (ساڑھے تین سالہ) ایم آئی ایم ، ایم آئی او ایم، ایم بی ایس ایم مارننگ اور سیلف سپورٹنگ (آفٹر نون، رپلیکااور ایوننگ) پروگرامز برائے تعلیمی سال2017-18ء کیلئے داخلہ فارم دینے اور وصول کرنے کا آغاز ہو چکا ہے۔ داخلہ فارم جمع کرانے کی آخری تاریخ 28 ستمبر2017ء ہے۔