اہل تشیع رہنما ؤں کی ڈی سی کے ساتھ ملاقات ، محرم الحرام میں امن و امان کیلئے تمام وسائل استعمال کر نیکا فیصلہ
لاہور(جنرل رپورٹر)ڈپٹی کمشنر لاہور سمیر سید احمد نے کہا ہے کہ ضلعی انتظامیہ لاہور شہرمیں محرم الحرام کے موقع پر منعقد ہو نے والی مجالس اور نکا لے جا نے والے جلوسوں کی سکیورٹی اور صفائی ستھرائی کے انتظامات کر نے کے حوالے سے تمام وسائل بر و ئے کار لا ئے گی ۔ضلعی انتظامیہ اور تمام متعلقہ محکمے محرم الحرام سے قبل تمام تر انتظامات کو مکمل کریں گے ان خیالات کا اظہار ڈی سی لاہور سمیر احمد سید نے محرم الحرام کی تیاریوں کے حوالے سے نادر ہال ڈی سی آفس میں ایک اجلاس سے کیا ۔اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (ہیڈکوارٹر)، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (جنرل)، اسسٹنٹ کمشنرز، ایم سی ایل، ایل ڈبلیو ایم سی، واسا، لیسکو، پی ٹی سی ایل، ایس این جی پی ایل، ریسکیو 1122، سول ڈیفنس، قانون نافذ کر نے والے اداروں کے افسران اور اہل تشیع رہنما ؤں نے شرکت کی۔ڈی سی لاہور سمیر احمد سید نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ امن و امان کو برقراررکھنے کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کیے جائیں تا کہ محرم الحرام کے مہینے میں کسی بھی نا خوشگوار واقعہ سے بچا جا سکے۔انہوں نے ایم سی ایل لاہور کے نمائندہ کو ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے اپنے زون میں لا ئٹنگ،پیچ ورک،مین ہول کورز، ٹریفک،پارکنگ،بجلی کی لٹکتی تا روں جیسے انتظامات کو کم سے کم وقت میں مکمل کریں اور محرم الحرام میں مجالس اور جلوس کے لا ئسنس ہو لڈرز سے رابطہ میں رہیں۔اجلاس میں اہل تشیع رہنماؤں نے جلوس کے راستوں میں درپیش مسائل کا ذکر کیا جس پر ڈی سی لاہور نے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر( ہیڈ کوارٹر) اور تما م اسسٹنٹ کمشنرز کو اس کے فوری حل کی ہدایت کی۔شعیہ رہنماؤں نے ضلعی انتظامیہ کے تعاون پر شکریہ بھی ادا کیا۔