واسا، سیور مینوں کے رسک الاؤنس میں 100فیصد اضافہ

واسا، سیور مینوں کے رسک الاؤنس میں 100فیصد اضافہ

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور(جنرل رپورٹر)واسا نے سیور لائنوں کے لیے رسک الاؤنس میں سو فیصد اضافہ کر دیا ہے یہ الاؤنس پانچ ہزار سے بڑھا کر دس ہزار کر دیا گیا ہے۔اضافے کا باقاعدہ نوٹیفیکیشن جاری کر دیا گیا ہے جس کا اطلاق یکم جولائی سے ہو گا اس سے آٹھ ہزار ملازمین کو فائدہ پہنچے گا جس کی تصدیق ایم ڈی واسا سید زاہد عزیز نے کر دی ہے ان کا کہنا ہے کہ واسا کی تاریخ میں کسی الاؤنس میں اتنا بڑا اضافہ ہوا ہے۔بتایا گیا ہے کہ سو فیصد اضافے کا فائدہ واسا کے سینیٹری ورکرز،سیور مینوں سمیت درجہ چہارم کے ملازمین کو ہو گا۔اضافے کی سمری دو ماہ قبل ایم ڈی واسا نے بھجوائی تھی جسے ایل ڈی اے اتھارٹی کے ایک ماہ قبل ہونے والے اجلاس میں پیش کیا گیا اور اتھارٹی نے اس کی باقاعدہ منظوری دے دی تھی مگر واسا ایڈمن ڈائریکٹوریٹ نے اس کا نوٹیفیکیشن روک رکھا تھا جس کے خلاف واسا سی بی اے یونین کے سیکرٹری جنرل شاہد نصر چوہدری نے ایم ڈی واسا سے ملاقات کی اور کہا کہ ملازمین کے رسک الاؤنس میں جو اضافہ کیا گیا ہے اس کا نوٹیفیکیشن واسا ایڈمن ڈائریکٹوریٹ نے جان بوجھ کر روک رکھا ہے جس سے ملازمین میں تشویش پائی جاتی ہے جس کا ایم ڈی واسا نے فوری طور پر نوٹس لیتے ہوئے ایک دن میں نوٹیفیکیشن جاری کروا دیا اس پر یونین کے رہنما شاہد نصر نے پاکستان سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایم ڈی واسا کے مشکور ہیں ۔جبکہ ایم ڈی واسا زاہد عزیز نے کہا کہ کام کرنے والے ملازمین میرے ساتھی ہیں انہیں سینے سے لگاؤں گا انہیں ہر ممکن ریلیف پہنچائیں گے جبکہ کام چور ملازمین کے لیے محکمے میں کوئی جگہ نہیں ہے۔