این اے 120کے الیکشن میں عوام کی مجبوریوں کا سودا ہوا،ذکر اللہ مجاہد
لاہور ( پ ر)امیر جماعت اسلامی لاہور ذکر اللہ مجاہد نے کہا کہ این اے 120الیکشن میں عوام کا ضمیر اور مجبوریاں دونوں خرید لی گئیں جہاں مجبوریاں خرید لی جائیں وہاں تبدیلی کی نہیں انقلاب کی ضرورت ہوتی ہے ۔ ان خیالات کا اظہار گذشتہ روز انہوں نے اپنے بیان میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی ملک میں اسلامی اور خوشحال پاکستان کی جدوجہد میں مصروف عمل ہے ۔ہماری سیاست کا مقصد اقتدار ، طاقت ، پیسہ بنانا یا انتقام کی سیاست کرنا نہیں ہے بلکہ ہماری سیاست کا مقصد خدمت خلق کے ساتھ اللہ کی زمین پر اللہ کے بندوں پر اللہ رب العزت کے نظام کا راستہ ہموار کرنا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہم قائداعظم محمد علی جناح کے پاکستان اور علامہ ڈاکٹر محمد اقبال کے خوابوں کی تعبیرکی جدوجہد میں مصروف عمل ہیں ہماری جدوجہد کا مقصد مدنیہ جیسی اسلامی ریاست کا قیام ہے ۔ جماعت اسلامی کے کارکنوں کوکوئی دنیاوی شکست ان کے عزم اور حوصلوں کو پست نہیں کر سکتی کیونکہ یہ اقتدار اور بندوں کی نہیں خالق کائنات کی خوشنودی کے کام کرتے ہیں ۔ انہوں نے مزیدکہا کہ لوگوں کی زندگیوں میں تبدیلی اور دین لائے بغیر انقلاب کی راہ ہموار نہیں کی جاسکتی جماعت اسلامی محنت او ر جدوجہد ہمیشہ کی طرح جاری رکھے گی۔