سوشل میڈیا پر مشتہر کئے جانیوالے غیر قانونی شکاریوں کے خلافکارروائی کا حکم
لاہور(لیڈی رپورٹر ) ڈائریکٹرجنرل وائلڈلائف اینڈ پارکس پنجاب خالد عیاض خان نے سوشل میڈیا کی مختلف سائٹس پرمشتہر شکار کئے گئے جانوروں، پرندوں اور غیر قانونی شکاریوں کی تصاویرکا نوٹس لیتے ہوئے ان کیخلاف کارروائی کا حکم دیدیاہے ۔ انہوں نے اس حوالے سے 3رکنی کمیٹی بھی تشکیل دیدی ہے ۔ڈائریکٹر لاہور چڑیاگھر حسن علی سکھیرا کمیٹی کے کنوینر ،ڈپٹی ڈائریکٹروائلڈلائف پبلسٹی عامر مسعو د اور ا سسٹنٹ ڈائریکٹروائلڈ لائف (پلاننگ) مدثر حسن ممبران ہونگے ۔اس امر کا فیصلہ محکمہ جنگلی حیات و پارکس پنجاب کے دفتر میں ڈائریکٹر جنرل خالد عیاض خان کی سربراہی میں منعقدہ اجلاس میں کیا گیا،جس میں ڈپٹی ڈائریکٹر وائلڈلائف ہیڈ کوارٹرز محمد نعیم بھٹی ،ڈپٹی ڈائریکٹر وائلڈلائف لاہو رریجن سید ظفر الحسن کے علاوہ دیگر متعلقہ افسران بھی شریک ہوئے ۔ خالد عیاض خان نے کہا کہ کمیٹی سوشل میڈیا کی مختلف سائٹس کی باقاعدگی سے مانیٹرنگ کرکے ان پر آویزاں غیر قانونی شکاریوں کی تصاویرمتعلقہ علاقوں کے محکمہ کے انچارج افسران کو بھیجے گی جو ان شواہد کی بنیادپر مکمل تحقیقات کے بعد غیر قانونی شکار میں ملوث افراد کیخلاف کارروائی کرینگے ۔انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا پر متحرک غیر قانونی شکاریوں کی حوصلہ شکنی کیلئے محکمہ پولیس اور ایف آئی اے کے سائبر کرائم یونٹس سے بھی مدد لی جائے گی ۔ڈی جی جنگلی حیات نے تمام ریجنل افسران پر زور دیا کہ غیر قانونی شکار کی روک تھام اور جنگلی حیات کے تحفظ کیلئے تمام وسائل بروئے کار لا ئیں اور شکار کی غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث کسی بھی شخص کیخلاف قانون کے تحت فوری کارروئی عمل میں لا ئیں چاہے وہ کتنا ہی با اثر کیوں نہ ہو۔