نواز شریف کو کہاتھا شہزادہ سلیم نہ بننا، بات نہ سنی ، نتیجہ سامنے ہے: زرداری
پشاور(سٹاف رپورٹر،مانیٹرنگ ڈیسک،نیوز ایجنسیاں)سابق صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے لندن میں نوازشریف کو کہا تھا شہزادہ سلیم نہ بننا مگر میری بات نہیں سنی اور شہزادہ سلیم بن گئے اب نتیجہ قوم کے سامنے ہے،خیبرپختونخوا میں ینگ بلڈ کی ضرورت ہے۔گزشتہ روز پشاور میں سابق ایم این اے گلزار خان(مرحوم) کے بیٹے اسد خان کی پیپلزپارٹی میں شمولیت کے موقع پر صحافیوں سے گفتگو اور نوشہرہ میں پارٹی ورکرز سے خطاب میں انکا مزید کہنا تھا خیبرپختونخوا 30سال سے جنگ میں ہے لیکن اب کے پی میں فریش بلڈ کی ضرورت ہے،نوجوان قیادت ہی خیبرپختونخوا میں تبدیلی لاسکتی ہے،دوسری پارٹیوں کو بھی چاہئے کہ وہ بھی ینگ قیادت کو آگے لیکر آئیں، لاہور کے این اے 120 میں نوازشریف 30سال سے الیکشن لڑ رہے ہیں وہ انہی کا حلقہ ہے وہاں پر2جماعتوں کا آپس میں تنازعہ تھا جو مریم نواز کی وکٹری تقریر کے بعد عیاں ہوگیا۔ میری کمٹمنٹ تھی 4سال سیاست نہیں کرونگا اور آخری سال سے سیاست شروع کروں گا وہ اب شروع کی ہوئی ہے، جبکہ میرے پیچھے اسٹیبلشمنٹ کھڑی نظر نہیں آتی، پاکستان کیلئے بہت کچھ کیا اور بہت کچھ کرنا باقی ہے۔خیبر پختونخوا میں یہ لو گ ڈینگی کے مچھر سے ڈرے ہوئے ہیں،مستقبل میں پیپلزپارٹی صوبہ میں حکومت بنائے گی ،نوجوان قیادت کو آگے لائیں گے اورچلا کردکھا ئیں گے ،فاٹاکو حقوق اورسہولیات دینگے،امریکہ تنقیدکرتے ہوئے انہوں نے سپرپاور کہتاہے ہم فاٹاکامسئلہ حل کریں گے اس سے افغانستان کامسئلہ تو حل نہیں ہورہا اور نہ ہی افغان طالبان سنبھالے جارہے ہیں،پاکستان کی بجائے کسی اور ملک میں اتنے دھماکے ہوئے ہوتے تو وہ کب کاختم ہوچکاہوتا،دوسری جماعتوں میں وفاق میں حکومت بنانے کی سکت نہیں، ضیاء دور سے پیپلز پارٹی کیخلاف سازشیں جاری ہیں، گھبرانے والے نہیں، کارکن مایوس نہ ہوں، اگر کارکن نہیں جڑیں گے تو اکیلا آصف زرداری کچھ نہیں کر سکتا، کارکنوں کے پیار میں تھوڑا تھوڑ ا غصہ بھی ہے، سمجھتا ہوں، اب تھوڑا سا ہم نے اپنا بھی حساب کتاب کرنا ہے، نوے سیٹیں ملنے کے باوجود ہم نے حکو مت بنائی اور وہ کام کئے جو تاریخ میں لکھے گئے۔ پارٹیاں کبھی کمزور اور کبھی طاقتور ہوتی رہتی ہیں، ہماری پارٹی میں جو مسئلے ہیں وہ اندر کی لڑائیاں ہیں، پارٹی کے اندر و نی مسائل بیٹھ کر حل کریں گے، پشتونوں کا درد مجھ سے زیادہ کوئی نہیں سمجھتا، کارکن مجھ پر اعتماد کریں، پیپلز پارٹی چاروں صوبوں کی جماعت ہے جو گھبرانے والی جماعت نہیں، کے پی کے حکومت تین سال میں اپنا بجٹ ہی نہیں خرچ کر سکی، وہ صرف کرکٹر ہیں اس کے علاوہ انہیں کچھ نہیں آتا،یہ بیچاری حکومت ہے، اس بار پختونخوا میں حکومت نہ بنا سکے تو اپوزیشن میں بیٹھیں گے، تیتر اور بٹیر نہیں ہو گا۔
زرداری