فضا کو آلودگی سے پاک بنانا حکومت کی اولین ترجیح ہے، مریم اورنگزیب
اسلام آباد (اے پی پی) وزیر مملکت اطلاعات ، نشریات و قومی ورثہ مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ فضا کو آلودگی سے پاک بنانا موجودہ جمہوری حکومت کی اولین ترجیح ہے اور ماحول کے تحفظ کے ادارے وزارت موسمیاتی تبدیلی، غیر سرکاری تنظیموں اور سول سوسائٹی کے تحت یہ مقصد حاصل کرنے میں متحرک کردار ادا کر سکتے ہیں۔ وزیر مملکت نے ان خیالات کا اظہار پیر کو صاف فضا کے حصول کے چیلنجز میں پارلیمنٹ کے کردار پر مشاورتی گول میز اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ مسئلہ بہتر قانون سازی کے طریق کار کا متقاضی ہے جسے تمام متعلقہ سٹیک ہولڈرز سے مشاورت کرکے حاصل کیا جا سکتا ہے اور موسمیاتی تبدیلی کے خطرات سے نمٹنے اور فضائی آلودگی کی روک تھام کے لئے موثر قانون سازی کی جاسکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں خطے کے دوسرے ممالک کی قانون سازی سے بھی راہنمائی حاصل کی جا سکتی ہے۔ وزیر مملکت مریم اورنگزیب نے کہا کہ پائیدار ترقی کے اہداف کو یقینی بنانے کے لئے پارلیمنٹ کو موثر اور بھرپور کردار ادا کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگرچہ اٹھارویں ترمیم کے بعد پائیدار ترقی کے اہداف اور شفاف فضا جیسے موضوعات صوبائی حکومت کی ذمہ داری بن چکے ہیں مگر مرکزی اور صوبائی حکومتوں کو ماحول سے متعلق چیلنجز سے نمتنے کے لئے مشترکہ کاوشیں کرنا ہوں گی۔ انہوں نے کہا کہ پائیدار ترقی کے اہداف کی اہمیت کے پیش نظر سپیکر قومی اسمبلی نے پاکستانی پارلیمنٹ میں ایک سیکرٹریٹ کا باقاعدہ آغاز کیا جس میں تمام سیاسی جماعتوں کی مناسب نمائندگی ہے۔
مریم اورنگزیب