کوئی ہمیں حلوہ سمجھے ، ایم کیو ایم پاکستان 2018ء میں اصل دھماکہ کرے گی : فاروق ستار
کراچی (اے این این)متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے سربراہ ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا ہے کہ کوئی ہمیں حلوہ اور ہلکا نہ سمجھے ، 2018 میں ایم کیو ایم پاکستان اصل دھماکہ کرے گی اور سب دیکھیں گے ہم مڈل کلاس انقلاب برپا کریں گے ، سناہے ہمارا ایم پی اے اپنی راہ چھوڑ کر ادھر چلا گیا ہے، وکٹیں گرانے کی بات ہو رہی ہے، وہ ایک وکٹ گرائیں گے ہم ہزار کھڑی کردیں گے، سب برابر کے پاکستانی ہیں، اسلام آباد کے لوگوں کو پاکستان بچانے کیلئے کراچی آنا ہوگا، ملک میں تبدیلی ووٹ ڈالنے سے آئے گی، پی ٹی آئی کی جانب سے اپوزیشن لیڈر کے معاملے پر رابطے جاری ہیں ، خان صاحب نے گل خان لالا کو میسج کیا تھا مگر گلالئی کو چلا گیا ۔ایک تقریب سے گزشتہ روز خطاب کرتے ہوئے فاروق ستار نے کہا کہ کراچی والوں کو اب جلد ان کا حق ملنے والا ہے جبکہ سندھ سے کوٹہ سسٹم کا ہر صورت خاتمہ کرکے رہیں گے۔انہوں نے کہا کہ آج بھی پاکستان بنانے اور بچانے کا چیلنج ہے تاہم اسلام آباد کے لوگوں کو پاکستان بچانے کیلئے کراچی آنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ سب برابر کے پاکستانی ہیں جبکہ پاکستان میں تبدیلی ووٹ ڈالنے سے آئے گی۔انہوں نے کہا کہ پی ایس پی کی جانب سے پیکیجز دیئے جا رہے ہیں، ہم مڈل کلاس انقلاب برپا کریں گے اور ملک کی پالیسیاں عام آدمی کی دسترس میں ہوں گی۔انہوں نے کہا کہ لوگوں کے دلوں میں ہمیشہ سے ایم کیو ایم پاکستان تھی ہے اور رہے گی۔