سی پیک کی تکمیل سے ترقی و خاشحالی کا نیا دور شروع ہو گا:گورنر سندھ

سی پیک کی تکمیل سے ترقی و خاشحالی کا نیا دور شروع ہو گا:گورنر سندھ

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

کراچی (اسٹاف رپورٹر)گورنر سندھ محمد زبیر نے کہا کہ پاکستان معاشی ترقی کی شاہراہ پر تیزی سے گامزن ہے اور سی پیک کے منصوبے اس ضمن میں اہم کردار ادا کریں گے، ان کی تکمیل سے نہ صرف خوشحالی آئے گی بلکہ بیروزگاری میں بھی کمی ہوگی۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے آسٹریلیا کی انجینئرنگ اور کنسٹرکشن کے شعبوں سے تعلق رکھنے والی کمپنیوں کے عہدیداروں سے گورنر ہاؤس میں ملاقات کے دوران کیا۔ گورنر سندھ نے کہا کہ سی پیک میں خصوصاً توانائی کے 34 ارب ڈالر کے منصوبوں کی تکمیل سے ملک بھر میں بجلی وافر مقدار میں دستیاب ہوگی جس سے نہ صرف صنعتوں کا پہیہ بغیر کسی رکاوٹ کے چلنے میں مدد ملے گی بلکہ نئی صنعتوں کے قیام سے روزگار کے بے شمار مواقع بھی پیدا ہوں گے۔ انہوں نے کہاکہ اگلے سال اپریل تک 10400 میگا واٹ بجلی نیشنل گرڈ میں داخل ہوجائے گی جس سے بجلی کی لوڈشیڈنگ کا مکمل خاتمہ ہونے کے ساتھ ساتھ فاضل بجلی بھی دستیاب ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں 2013 کے مقابلے میں امن و امان کی صورتحال بہت بہتر ہے ۔ امن و امان کے قیام کے بعد حکومت اب ترقیاتی شعبہ پر خصوصاً توجہ مرکوز کئے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چونکہ کراچی ملک کا معاشی حب ہے اس لئے وفاقی حکومت شہر کے انفرا اسٹرکچر کی بحالی پر خصوصی توجہ دے رہی ہے خصوصاً صنعتی علاقوں کے انفرا اسٹرکچر کے منصوبوں کو کراچی پیکج میں شامل کیا گیاہے۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت کراچی میں پہلے ہی 50 ارب کے ترقیاتی منصوبوں پر کام کررہی ہے جبکہ کراچی پیکج کے 25 ارب کے منصوبوں کے بعد یہ رقم بڑھ کر 75 ارب ہوجائے گی۔ انہوں نے کہا کہ امن و امان کے قیام کے بعد ملک خصوصاً کراچی میں سرمایہ کاری کے لئے حالات نہایت سازگار ہیں اور یہی وجہ ہے کہ کئی بین الاقوامی کمپنیاں مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کررہی ہیں۔ انہو ں نے کہا کہ صوبہ سندھ میں آسٹریلوی کمپنیوں کی سرمایہ کاری کا خیر مقدم کیا جائے گا اور انہیں ہر ممکن سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ انہو ں نے مزید کہا کہ فراہمی و نکاسی آب، سالڈ ویسٹ مینجمنٹ انجینئرنگ اور کنسٹرکشن کے شعبہ میں آسٹریلوی مہارت اور تجربہ سے فائدہ اٹھانے کے لئے ہر ممکن اقدامات کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک کے ساتھ ساتھ دیگر ممالک کے سرمایہ کار بھی اپنی پسند کے شعبوں میں سرمایہ کاری کرسکتے ہیں اور حکومت انہیں بھرپور تعاون اور مدد فراہم کرے گی۔ وفد کے سربراہ چارلس ڈیوڈ فگالو نے گورنر سندھ سے آسٹریلوی کمپنیوں کی جانب سے مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری اور مشترکہ منصوبوں کے بارے میں تفصیل سے آگاہ کیا۔ اس موقع پر رچرڈ گیون ایلڈم ، عزیز حیات خان اور سہیل وجاہت صدیقی بھی موجود تھے۔