کوئی ہمیں حلوہ اور ہلکا نہ سمجھے،2018میں دھمال کریں گے :فاروق ستار

کوئی ہمیں حلوہ اور ہلکا نہ سمجھے،2018میں دھمال کریں گے :فاروق ستار

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

کراچی (اسٹاف رپورٹر)ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا ہے کہ کم وسائل پربھی کام کرکے دکھائیں گے۔ کوئی ہمیں حلوہ اور ہلکا نہ سمجھے کیونکہ 2018 میں ایم کیو ایم پاکستان اصل دھمال کرے گی اور سب دیکھیں گے۔ سناہے ہمارا ایم پی اے اپنی راہ چھوڑ کر ادھر چلا گیا ہے، وکٹیں گرانے کی بات ہو رہی ہے، وہ ایک وکٹ گرائیں گے ہم ہزار نئی وکٹیں کاشت کریں گے۔سب برابر کے پاکستانی ہیں، پاکستان میں تبدیلی ووٹ ڈالنے سے آئے گی، جب عام آدمی ووٹ ڈالے گا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو کراچی میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔انہوں نے کہا کہ سندھ سے کوٹہ سسٹم کا ہر صورت خاتمہ کرکے رہیں گے، ہم بجلی کی کمی کا خاتمہ کر سکتے ہیں، ایم کیو ایم پاکستان کی وجہ سے سی پیک منصوبہ شروع ہوا اور اگر ایسا مزید رہا تو کراچی میں ترقیاتی کاموں کا جال بچھائیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ 2018 میں ایم کیو ایم پاکستان اصل دھمال کرے گی اور سب دیکھیں گے، کوئی ہمیں حلوہ اور ہلکا نہ سمجھے، آج بھی پاکستان بنانے اور بچانے کا چیلنج ہے تاہم اسلام آباد کے لوگوں کو پاکستان بچانے کے لیئے کراچی آنا ہوگا۔فاروق ستار نے کہا کہ سب برابر کے پاکستانی ہیں، پاکستان میں تبدیلی ووٹ ڈالنے سے آئے گی، جب عام آدمی ووٹ ڈالے گا، ایک وڈیرہ پیپلز پارٹی میں ہے، وہی(ن) لیگ اور اب پی ٹی آئی میں ہے، ایسے تبدیلی نہیں آئے گی۔ انہوں نے کہا کہ یہ جو وکٹیں گرا رہے ہیں، ہم 1000 وکٹیں کھڑی کریں گے، پی ایس پی کی جانب سے پیکجز دیئے جا رہے ہیں، ہم مڈل کلاس انقلاب برپا کریں گے اور ملک کی پالیسیاں عام آدمی کی دسترس میں ہوں گی۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی تقدیر کا فیصلہ پاکستان کی متوسط طبقے کی عوام کرے گی جب کہ کوئی بھی چیز جو دبا کے ذریعے ہو وہ دیر پا نہیں ہوتی، لوگوں کے دلوں میں ہمیشہ سے ایم کیو ایم پاکستان تھی ہے اور رہے گی۔ڈاکٹرفاروق ستار نے کہا کہ سندھ کے وڈیرے اس وقت سے ڈریں جب ایم کیو ایم پاکستان مجبور نہ ہو جائے کہ اپنا حق لڑ کر لیں،یہاں میرا سلطان ڈرامہ چل رہا ہے اور یہاں سب کردار موجود ہیں، ہماری آبادیوں پر مردم شماری کے ذریعے فیملی پلاننگ کروائی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی جانب سے اپوزیشن لیڈر کے معاملے پر رابطے جاری ہیں، جلد اپوزیشن لیڈر کے نام پر متفق ہوجائیں گے جب کہ غیر رسمی ملاقاتیں اور رابطوں کا سلسلہ جاری ہے۔سربراہ ایم کیو ایم پاکستان نے مزید کہا کہ خان صاحب نے گل خان لالا کو میسج کیا تھا مگر گلالئی کو چلا گیا۔