کراچی ،کلثوم نواز کی کامیابی ،مسلم لیگ(ن) نے فتح کا جشن منایا

کراچی ،کلثوم نواز کی کامیابی ،مسلم لیگ(ن) نے فتح کا جشن منایا

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

کراچی(اسٹاف رپورٹر)لاہور کے حلقہ این اے 120سے بیگم کلثوم نواز شریف کی تاریخی کامیابی کی خوشی میں پیر کوسندھ مسلم لیگ ہاؤس کارساز میں مسلم لیگ کراچی ڈویژن کے زیر اہتمام فتح کا جشن منایا گیا،جس میں پارٹی رہنماؤں اور کارکنوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی ۔ اس موقع پر کارکنان نے ڈھول کی تھا پ پر بھنگڑے ڈالے اور میٹھا ئیاں کھلائی گئیں اور آتش بازی کا شاندار مظاہرہ بھی کیا گیا ۔ کارکنوں نے ایک دوسرے کو گلے لگاکر مبارکبادبھی دی ۔کارکنوں نے پرجوش انداز میں میاں نواز شریف ،بیگم کلثوم نواز شریف اور مریم نواز شریف کے حق میں نعرے بازی کی ۔تقریب سے مسلم لیگ (ن) کراچی ڈویژن کے صدر سید منور رضا،جنرل سیکرٹری خواجہ طارق نذیر، نائب صدرمسلم لیگ(ن) سندھ علی اکبرگجر،منارٹی ونگ سندھ کے صدرشام سندر،جنرل سیکرٹری کھیل داس،حاجی شاہجہان،عاشق گجر،نورخان اخوندزادہ،چیئرمین یوسیزآمان خان آفریدی، راناوارث،حبیب الرحمن، سہیل ندیم، مہنازاختر،عروسہ شہزاد،جمیلہ ٖظفر،یاسرشاہجہان،وحیدرزاق،خواجہ نیئرشریف اور عبدالحمیدبٹ سمیت کارکنان کی ایک بڑی تعداد اس موقع پر موجود تھی۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہاکہ عوامی عدالت نے ایک مرتبہ پھر میاں نواز شریف کے حق میں فیصلہ دے دیاہے ۔مسلم لیگ (ن) کے خلاف سازش کرنے والے جان لیں کہ عوام کا سمندر میاں نواز شریف کے ساتھ ہے ،این اے 120کی عوام نے شیر پر مہر لگاکر میاں نواز شریف کے موقف کی تائید کردی ہے ۔انہوں نے کہاکہ مخالفین نوشتہ دیوار پڑھ لیں انشا اللہ عوامی قوت کے ساتھ 2018 کے عام انتخابات میں بھی شکست میاں محمد نواز شریف کے مخالفین کا مقدر ہوگی ۔انہوں نے کہا کہ پولنگ کے دوران مسلم لیگی ووٹرز کو ووٹ ڈالنے سے روکنے کی کوششیں کی گئی اور تمام وہ تمام حربے اختیار کیے گئے جس سے مسلم لیگ (ن) کو شکست دلائی جاسکے لیکن حلقے کے عوام نے میاں نواز شریف سے اپنی محبت کے اظہار کے لیے تمام اوچھے ہتھکنڈوں کو ناکام بنادیا ۔انہوں نے کہا کہ حلقہ این اے 120کا نتیجہ عوامی عدالت کا فیصلہ ہے اور آج مخالفین اپنے منہ چھپانے پر مجبور ہیں ۔انہوں نے کہاکہ مسلم لیگ (ن) کی کامیابیوں کا یہ سفر جاری رہے گا اور ملک میں جمہوریت کے استحکام اور مضبوطی لیے میاں نواز شریف کی قیادت میں جدوجہد جاری رہے گی ۔انہوں نے کہا کہ مریم نواز شریف نے بھرپور انداز میں انتخابی مہم چلائی جس کے ثمرات بیگم کلثوم نواز شریف کی کامیابی کی صورت میں ملے ۔مخالفین نے ایک مرتبہ پھر رونے کا آغاز کردیا ہے لیکن ابھی یہ ان کے رونے کا آغاز ہے 2018کے انتخابات میں ان کا رونا گریہ زاری میں تبدیل ہوجائے گا ۔انہوں نے کہا کہ حلقہ این اے 120میں ایک طرف مسلم لیگ (ن) اور دوسری جانب تمام جماعتیں تھیں ۔مسلم لیگ (ن) ان تمام جماعتوں کو شکست دی ہے ۔پیپلزپارٹی کو خصوصی طور پر ان نتائج سے عبرت حاصل کرنی چاہیے ۔پنجاب کے عوام نے ان مکمل طور پر مسترد کردیا ہے ۔2018کے انتخابات میں ان کا سندھ سے بھی صفایا ہوجائے گا ۔۔انہوں نے کارکنان سے کہاکہ وہ بھر پور انداز میں میں عام انتخابات کی تیاریاں کریں مسلم لیگ(ن) کراچی اور سندھ سمیت پورے ملک میں عوامی تائید کے ساتھ حکومت بنا ئے گی ۔