کلثون نواز کے کاغذات نامزدگی منظور ہونے کیخلاف اپیلیں خارج،عوامی تحریک کے وکیل کی سرزنش

کلثون نواز کے کاغذات نامزدگی منظور ہونے کیخلاف اپیلیں خارج،عوامی تحریک کے ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


اسلام آباد(اے این این،آن لائن )سپریم کورٹ نے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 120 لاہور کے ضمنی انتخاب میں مسلم لیگ (ن) کی امیدوار بیگم کلثوم نواز کے کاغذات نامزدگی کی منظوری سے متعلق لاہور ہائیکورٹ کے اپیلٹ ٹربیونل کے فیصلے کیخلاف پیپلزپارٹی اورپاکستان عوامی تحریک کی اپیلیں واپس لینے کی بنیاد پر خارج کردیں۔پیرکوجسٹس گلزار احمد کی سربراہی میں عدالت عظمیٰ کے تین رکنی بنچ نے پیپلز پارٹی کے امیدوار فیصل میر اور پاکستان عوامی تحریک کے امیدوار اشتیاق کی طرف سے دائراپیلوں کی سماعت کی ۔ سماعت کے دوران جسٹس گلزار نے استفسار کیا کہ بیگم کلثوم نواز کی جانب سے چھپائے گئے اثاثوں کی تفصیلات بتائی جائیں جس پر فیصل میر کے وکیل نے کہا کہ کلثوم نواز کے پاس بھی اقامہ ہے لیکن تنخواہ ظاہر نہیں کی گئی جس پر جسٹس گلزار احمد نے کہاکہ یہ مقدمہ پاناما کیس سے مختلف ہے، اس معاملے میں سابق وزیراعظم نواز شریف پر اپنی تنخواہ چھپانے کا الزام ثابت ہوا تھا ۔انہوں نے کہاکہ پری الیکشن کا مرحلہ گزر چکا اب کوئی اعتراض ہے تو ٹربیونل سے رجوع کریں۔ جسٹس قاضی فائز عیسی نے کہا کہ کسی پر انگلی اٹھاتے ہیں تو اس کی بنیاد بھی ہونی چاہئے، کوئی پسند ہے یا نہیں اس کا فیصلہ عوام کو کرنا ہے، کیس بنانے کے لئے حقائق ہونے چاہئیں، اب کیس کو اندھا دھند تونہیں چلاسکتے، بتائیں کلثوم نواز نے کونسی گاڑی یاگھر چھپایا ہے۔ ایک موقع پربنچ کے رکن جسٹس قاضی فائزعیسیٰ نے پاکستان عوامی تحریک کے وکیل اظہرصدیق کی سرزنش کرتے ہوئے کہا کہ کاغذات واپس لینے کے بعد انہوں نے کس حیثیت میں اعتراضات اٹھائے، تقریریں نہ کریں، قانون کی بات کریں۔ انہوں نے کہا کہ ووٹر اپنی رائے کا اظہار کر چکے ہیں، اسکا احترام کریں۔ انہوں نے کہا کہ بتائیں کلثوم نواز نے کونسی گاڑی یا گھر چھپایا ہے ۔ جسٹس گلزار احمد نے کہا کہ درخواست گزار پاناما کیس کا حوالہ دے رہا ہے جس میں اقامہ اور تنخواہ کا معاملہ تھا، درخواست گزار نے تین نکات اٹھائے لیکن ثابت نہیں کرسکا۔ درخواست گزاروں کے وکلا نے اس کیس کو اپنی نوعیت کا پہلا کیس قرار دیا اور متعلقہ فورم (ٹریبیونل)پر جانے کی صورت میں درخواستیں واپس لینے کا کہا جس پر عدالت نے درخواستیں خارج کر دیں۔ یاد رہے کہ رواں ماہ لاہور ہائیکورٹ کے اپیلٹ ٹریبیونل نے کلثوم نواز کے کاغذات نامزدگی کی منظوری کے خلاف دائر تمام اپیلوں کو مسترد کردیا تھا، جس کے بعد پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی)کے امیدوار فیصل میر اور پاکستان عوامی تحریک (پی اے ٹی)کے امیدوار اشتیاق نے لاہور ہائیکورٹ کے فیصلے کو سپریم کورٹ میں چیلنج کیا تھا۔
کلثوم نوا زکاغذات