وزیر قانون امتیاز شاہد قریشی کی ڈاکٹر سید مطاہرشاہ سے ملاقات
پشاور( سٹاف رپورٹر)خیبر پختونخوا کے وزیر برائے قانون و پارلیمانی اُمور امتیاز شاہد قریشی اورقومی رہنماڈاکٹر سید مطاہر شاہ کے درمیان اسلام آباد میں ملاقات ہوئی ۔ ملاقات میں شکردرہ میں امن و امان کے قیام سمیت دیگر اہم علاقائی امور پر مشاورت کی گئی ۔متفقہ طور پر فیصلہ کیا گیا کہ یکم اکتوبر کو صوبائی وزیر قانون کے حجرے میں شکردرہ میں امن و امان سے متعلق پشتون دستور کے مطابق گرینڈ جرگہ بلایا جائے گا جرگہ میں شکردرہ کے تمام مشران کو مدعو کرکے علاقے میں امن کے قیام کے لیے اقدامات کرنے پر بھی اتفاق کیا گیا۔ صوبائی وزیر قانون امتیاز شاہد قریشی ،ڈاکٹر مطاہر شاہ نے اس عزم کا اعادہ کیا شکردرہ میں امن و امان کی صورتحال خراب کرنے کی اجازت کسی کو بھی نہیں دی جائیگی عوام کے جان و مال کا تحفظ اورقیام امن ہر صورت یقینی بنائیں گے۔ شکردرہ میں امن و امان کے قیام کے لیے مشران مشترکہ طور پر بیٹھ کر ایک لائحہ عمل طے کریں گے، شکردرہ میں قتل و غارت،اغواء برائے تاوان، بھتہ خوری،منشیات،غنڈہ گردی و دیگر جرائم کے خاتمے کے لیے مشران و مقامی لوگ پولیس ،انتظامیہ کے ساتھ تعاون کریں انتظامیہ کے ساتھ تعاون سے معاشرہ جرائم پیشہ افرا د اورجرائم سے پاک ہوگا ۔صوبائی وزیر قانون اورقومی رہنما ڈاکٹر مطاہر شاہ کے درمیان ملاقات میں دیگر اہم اُمور پر بھی تفصیلی بات چیت کی گئی ۔