نوجوانوں کو مثبت مواقع فراہم کرنے کیلئے اقدامات کر رہے ہیں:اسد قیصر
پشاور( سٹاف رپورٹر)سپیکر خیبر پختونخوا اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ حکومت صوبے میں کھیلوں کے میدان آباد کرنے اور مقامی سطح پر نوجوانوں کو مثبت سرگرمیوں کے بھرپورمواقع فراہم کرنے کے لئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کر رہی ہے۔یونین کونسلوں کی سطح پر نئے سپورٹس گراؤنڈ زکی تعمیر کے علاوہ موجودہ گراؤنڈز کی تعمیر و مرمت کے لئے تمام تر وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے شاہ منصور کرکٹ اسٹیڈیم ضلع صوابی کے حوالے سے پیر کے روزصوبائی اسمبلی کے کانفرنس روم میں منعقدہ ایک اعلیٰ سطح اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔اجلاس میں صوبائی وزیر کھیل محمود خان،انٹرنیشنل ٹیسٹ کرکٹریاسر شاہ کے علاوہ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر صوابی،ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسرطارق خان ،ایکسیئن پبلک ہیلتھ محمد یوسف اور دیگر متعلقہ حکام بھی شریک تھے۔اجلاس میں شاہ منصور کرکٹ سٹیڈیم کی موجودہ حالت اورانتظامی امور سمیت دیگرمعاملات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اور اس ضمن میں بعض اہم فیصلے بھی کئے گئے۔محکمہ سپورٹس کے حکام نے اجلاس کو آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ شاہ منصور کرکٹ اسٹیڈیم کا انتظام گزشتہ کئی سالوں سے محکمہ آبنوشی کی تحویل میں ہے۔حکام نے بتایا کہ محکمہ کھیل کی جانب سے اسٹیڈیم کی حوالگی سے متعلق متعلقہ حکام کو پہلے ہی آگاہ کیاجاچکا ہے تاکہ اس کی دیکھ بھال سمیت دیگر امور کو مناسب انداز میں سرانجام دیا جاسکے۔سپیکر اسد قیصر نے شاہ منصور کرکٹ اسٹیڈیم کا انتظام محکمہ سپورٹس کے حوالے کرنے کے لئے فوری اقدامات اٹھانے کی ہدایات جاری کرتے ہوئے اس سلسلے میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر صوابی کی سربراہی میں ایک کمیٹی کی تشکیل کی بھی ہدایت کی۔کمیٹی ٹیسٹ کرکٹر یاسر شاہ،محکمہ سپورٹس،صوابی ڈیو یلپمنٹ اتھارٹی اور ڈسٹرکٹ گورنمنٹ کے نمائندوں پر مشتمل ہوگی۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کمیٹی شاہ منصور کرکٹ گراؤنڈکے انتظام اور اسے محکمہ کھیل کی تحویل میں دینے سے متعلق طریقہ کار وضع کرنے کے علاوہ مجوزہ معاہدے کے ڈرافٹ بھی تیار کرے گی۔اس کے علاوہ کمیٹی شاہ منصور کرکٹ اسٹیڈیم کو لیز پر دینے کے لئے تکنیکی امور پر بھی کام کرے گی۔کمیٹی کرکٹ اسٹیڈیم کی تعمیر و مرمت کے علاوہ اس کی دیکھ بھال ،عملے کی فراہمی اور دیگر متعلقہ امورکا بھی جائزہ لے گی اور اس سلسلے میں اپنی حتمی رپورٹ ایک ہفتے کے اندر مرتب کرکے سپیکر صوبائی اسمبلی کو پیش کرے گی۔اس موقع پر اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سپیکر اسد قیصر نے کہا کہ حکومت نوجوان طبقے کو کھیل کے شعبے میں آگے لانے اور ان کی صلاحیتوں کو نکھارنے کے لئے تمام تر اقدامات کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ صوبے کے تمام اضلاع اور بالخصوص ضلع صوابی میں عالمی معیار اور جدید سہولیات سے آراستہ سپورٹس گراؤنڈز پر تیزی سے کام جاری ہے۔اسد قیصر نے کہا کہ ضلع صوابی نے کھیل کے شعبے میں قومی اور بین الاقوامی سطح پر کئی بڑے نام پید ا کئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہمارے ملک میں ٹیلنٹ کی کوئی کمی نہیں لیکن ضرورت اس امر کی ہے کہ مقامی سطح پر نوجوانوں کو بھرپورمواقع فراہم کرکے بہترین کھلاڑی پیدا کئے جائیں جوکہ مستقبل میں ہمارے لئے قیمتی اثاثہ ثابت ہوں اور ملک و قوم کا نام روشن کریں۔