نوشہرہ ،جے یو آئی کی مرکزی مجلس عاملہ کے ارکان کا اعلان
نوشہرہ(بیورورپورٹ)جمعیت علماء اسلام پاکستان کے امیر مولانا سمیع الحق نے جمعیت کی مرکزی مجلس عاملہ کے ارکان کا اعلان کردیا ہے ، جمعیت کے مرکزی سیکرٹری جنرل مولانا عبدالرؤف فاروقی نے آج یہاں مولانا سمیع الحق سے ملاقات کی اور ملکی سیاسی صورت حال پر تبادلہ خیال کے علاوہ جمعیت کے تنظیمی امور پر مشاورت کی اور چاروں صوبوں سے جمعیت کی نمائندگی کے ساتھ مرکزی عہدیداروں کا انتخاب عمل میں لایا گیا، جس کا اختیار جمعیت کی مرکزی مجلس شوریٰ نے مولانا سمیع الحق کو دیا تھا اس طرح آئندہ پانچ سال کے لئے جمعیت علماء اسلام کی مرکزی مجلس عاملہ مکمل کرلی گئی ہے ،مولانا سمیع الحق نے اس توقع کا اظہار کیا کہ جمعیت کے یہ عہدیدار تنظیمی اور سیاسی معاملات میں بہتر طورپر اپنی ذمہ داریاں پوری کریں گے،اور جمعیت علماء اسلام ملکی اور بین الاقوامی سطح پر اپنا سیاسی کردار ادا کرے گی،فیصلے کے مطابق مرکزی مجلس عاملہ اس طرح ہے : قائد جمعیت مولاناسمیع الحق مرکزی امیرجبکہ مولانا بشیر احمد شاد(چشتیاں)، شیخ الحدیث حضرت مولانا محمد اسفندیار خان (کراچی) ، شیخ الحدیث مولانا مفتی حبیب الرحمن درخواستی(خانپور ) مولانا حامد الحق حقانی، مولاناصادق الامین (فیصل آباد) نائب امراء ہوں گے ۔ مولانا عبدالرؤف فاروقی سیکرٹری جنرل ، مولانا شاہ عبدالعزیز مجاہد(کرک) مولانا حافظ احمد علی (کراچی) مولانا فہیم الحسن تھانوی (لاہور) ڈپٹی سیکرٹری جنرل ہوں گے ، مولانا سید محمد یوسف شاہ سیکرٹری اطلاعات اورمولانا ڈاکٹر قاسم محمود معاون سیکرٹری اطلاعات ہوں گے ،صوبائی ناظم مالیات کا عہدہ فی الحال مرکزی جنرل سیکرٹری کے پاس ہوگا جبکہ حضرت مولانا میاں محمد اجمل قادری اور حضرت مولانا پیر سیف الرحمن درخواستی جمعیت علماء اسلام کے سرپرست ہوں گے ، مشاورتی اجلاس میں مولانا محمد سیدیوسف شاہ اور مولانا فہیم الحسن تھانوی بھی موجود تھے۔ مولانا سمیع الحق نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ملک اورپاکستانی قوم اس وقت بدترین سیاسی انتشار اور بحران کا شکار ہے، ایسے حالات میں جمعیت علماء اسلام کے عہدیداروں اور کارکنوں کو بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے اور یہ ذمہ داری اخلاص ‘ مسلسل جدوجہد اور سیاسی حکمت عملی سے پوری کی جاسکتی ہے، انہوں نے کہاکہ جمعیت کی پالیسی واضح ہے اورا سکی منزل متعین ہے ،اسلامی جمہوریہ پاکستان میں اسلامی شریعت کا نفاذ اس کی منزل ہے اوراس کے بغیر نہ ملک مستحکم ہوسکتا ہے اور نہ ہی قوم خوشحال ہوسکتی ہے، انہوں نے کہاکہ کرپٹ سیکولر حکمرانوں نے ستر برس میں لوٹ مار کے ذریعہ ملک و قوم کودیوالیہ کردیا ہے، اور عالمی برادری میں اس کا وقار انتہائی مجروح ہوچکا ہے، انہوں نے جمعیت کے عہدیداروں کو ہدایت کی کہ وہ میدان میں نکلیں اور محب وطن اسلامی قوتوں کو ایک پلیٹ فارم پر جمع کرکے تاریخ کا سنہری دور شروع کرنے کے لئے جدوجہد کریں ۔