چکوال میں 780مجالس، جلوسوں کے پروگرام منعقدہونگے،ڈی پی او
چکوال(ڈسٹرکٹ رپورٹر)ضلعی امن کمیٹی کا اہم اجلاس ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر عمر جہانگیر ،ڈی پی او محمد ہارون جوئیہ کی صدارت میں منعقد ہوا۔ضلع بھر کے تمام امام بارگاہوں اور جلوسوں کے منتظمین نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر اور ڈی پی او نے کہا کہ ضلع چکوال میں 780مجالس اور جلوسوں کے پروگرام مرتب ہونگے۔پولیس اور سول انتظامیہ ان جلوسوں اور مجالس عزا کو فول پروف سیکورٹی فراہم کریگی۔جبکہ ہمارے دشمن ممالک یہ چاہتے ہیں کہ محرم الحرام کے موقع پر ہمارے امن کو تہس نہس کیا جائے۔جبکہ ہماری کڑی ذمہ داری ہے کہ ہم اپنے ارد گردکے گلی محلوں پر گہری نظر رکھیں اور کسی بھی اجنبی کو مشکوک حالت میں دیکھتے ہوئے قریبی پولیس اسٹیشن پر اطلاع کریں۔انہوں نے کہا کہ منتظمین اپنے رضاکاروں کو متحرک کریں اور انہیں پولیس لائن سے ٹریننگ دلوائیں۔انہوں نے مزید کہا کہ منتظمین کا یہ بھی فرض ہے کہ وہ اپنے مقررین کو ہدایت کریں کہ وہ خطاب کے دوران کسی کی دل ازاری نہ کریں۔جلوسوں کے اوقات کار میں سختی سے عملدرآمد کیا جائے۔تمام شرکاء نے ڈپٹی کمشنر اور ڈی پی او کو یقین دلایا کہ وہ انتظامیہ کے مکمل تعاون کرینگے۔اور قانون پر عملدرآمد یقینی بنائیں گے۔اس موقع پر ڈی ایس پی صدر کاظم علی نقوی ،اسسٹنٹ کمشنر شاہد یعقوب ،چوہدری عبدالماجداور سی ایس او سید اعجاز شاہ بھی موجود تھے۔