تانیہ خاصخیلی کو قتل کرنے والا مرکزی ملزم خانونوحانی بلوچستان سے گرفتار

تانیہ خاصخیلی کو قتل کرنے والا مرکزی ملزم خانونوحانی بلوچستان سے گرفتار

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

سیہون(خصوصی نامہ نگار)حساس ادارے نے تانیہ خاصخیلی کو قتل کرنے والے مرکزی ملزم خانونوحانی کو بلوچستان سے گرفتار کرلیا ہے، تانیہ خاصخیلی کو دس روز قبل اس کے گھر میں قتل کردیا گیا تھا۔دوسری جانب سے پولیس چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ کے نوٹس پر آج تانیہ قتل کیس کی تفتیشی رپورٹ سندھ ہائی کورٹ میں جمع کرائے گی ۔تفصیلات کے مطابق تانیہ خاصخیلی قتل کیس کے مرکزی ملزم خانو نوحانی گرفتار کرلیا گیاہے، ملزم کی گرفتاری حساس ادارے کی جانب سے بلوچستان کے علاقے دریچو سے عمل میں لائی گئی ہے،جہاں وہ مقامی ایم این اے کے ماموں کے پاس روپوش تھا۔یاد رہے کہ10 روز قبل سیہون کے علاقے جھانگارا میں میٹرک کی طالبہ اور مزدور کی بیٹی تانیہ خاصخیلی کو وہاں کے ایک مقامی وڈیرے نے مبینہ طور پر گھر میں گھس کر بیدردی سے قتل کردیا تھا۔مقتول تانیہ خاصخیلی کے والد غلام قادر خاصخیلی نے الزام عائد کیا تھا کہ جھانگارا بجارا کے ایک بااثر شخص خانو نوحانی اپنے مسلح ساتھیوں کے ہمراہ ان کے گھر میں داخل ہوکر اور تانیہ کو اغوا کرنے کی کوشش کی، مبینہ ملزم خانو نوحانی نے اپنے ساتھیوں کے ساتھ مل کر گھر کے تمام افراد کو اسلحے کے زور پر ایک کمرے میں بند کردیا تھا۔تانیہ خاصخیلی کے والد کے مطابق خانو نوحانی ہر صورت تانیہ کو اغوا کرکے اپنے ساتھ لے جانا چاہتا تھا مگر اس کی جانب سے سخت مزاحمت کی گئی جس پر ملزم نے اسے مبینہ طور پر فائرنگ کرکے قتل کردیا اورفرار ہوگئے۔مقتولہ کے والد نے تھانہ جھانگارا میں مرکزی ملزمان خانو نوحانی اور مولا بخش نوحانی سمیت تین افراد کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کرایاتھا، جس کے بعد مبینہ ملزمان کی جانب سے انھیں مقدمہ واپس نہ لینے کی صورت میں سنگین نتائج کی دھمکیاں بھی دی گئی تھی۔ وزیر اعلی سندھ سید مراد علی شاہ اور آئی جی سندھ پولیس اے ڈی خواجہ نے دو روز قبل تانیہ خاصخیلی کے اہل خانہ سے ملاقات کے دوران ملزمان کو کیفر کردار تک پہنچانے کا یقین دلایا تھا،مقتولہ کے اہل خانہ اور ان کے پڑوسیوں نے وزیراعلی کو بتایا کہ علاقے کی پولیس قاتل کے حوالے سے باخبر تھی لیکن ان کے خلاف کارروائی نہیں کی اور انھیں علاقے کے چند بااثر افراد کے دباؤ پر بچایا جارہا ہے،وزیراعلی سندھ نے ملزمان کی عدم گرفتاری پر مقامی ایس ایچ کو معطل کردیا تھا۔دوسری جانب چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ احمدعلی شیخ نے بھی سیہون کے علاقے میں وڈیرے کے ہاتھوں قتل ہونے والی تانیہ خاصخیلی کے قتل کانوٹس لیا تھا،جس پر پولیس سندھ ہائی کورٹ میں آج( 19ستمبر)کیس کی تفتیشی رپورٹ طلب جمع کرائے گی۔