ہندوستان کشمیریوں کے حوصلے پست نہیں کرسکتا،راجہ نثارخان

ہندوستان کشمیریوں کے حوصلے پست نہیں کرسکتا،راجہ نثارخان

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

مظفرآباد(بیورورپورٹ)آزادکشمیر کے وزیر قانون،انصاف ، پارلیمانی امور و برقیات راجہ نثار احمد خان نے کہا ہے کہ ہندوستان 8لاکھ فوج کی بجائے 16لاکھ فوج بھی مقبوضہ کشمیر میں بھیج دے پھر بھی کشمیریوں کے حوصلے پست نہیں کر سکتے۔ مسئلہ کشمیر موجودہ وقت میں جنوبی ایشیاء کا ایک سلگتا ہوا مسئلہ ہے اگر اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق اس کا پرامن حل نہ نکالا گیا تو دونوں ممالک کے درمیان تعلقات مزید خراب ہوں گے اور جنوبی ایشیاء کا امن تباہ ہو سکتا ہے۔ حکومت آزادکشمیر کشمیریوں کی سیاسی، اخلاقی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گی اور تحریک آزادی کشمیر کی کامیابی اور اس کے پاکستان کے ساتھ الحاق تک اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔ میرٹ ہی انصاف کا نام ہے۔ حکومت کے محکمہ تعلیم میں این ٹی ایس کانفاد سے اب میرٹ پر تقرریاں ہوں گی اور سفارشی کلچر کو ختم کر دیا ہے۔ سکولوں، کالجوں اور یونیورسٹیوں میں کشمیریوں کے حق خودارادیت کے حوالہ سے آگاہی مہم سے ہماری آئندہ آنے والوں نسلوں کے لئے انتہائی سود مند ثابت ہو گی اور ہمارے بچے آگے چل کر تحریک آزادی کشمیر کے لئے اپنا بھرپور کردار ادا کر سکیں گے۔ ان خیالات کا اظہار وزیر قانون ، انصاف و پارلیمانی امور و برقیات راجہ نثار احمد خان نے جموں وکشمیر لبریشن سیل کے زیر اہتمام ’’حق خودارادیت ہی مسئلہ کشمیر کا واحد حل ہے‘‘ کے عنوان سے منعقدہ آل آزادکشمیر انٹر سکولز تقرری مقابلہ کے حوالہ سے منعقدہ تقریب سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب سے آزادکشمیر کے سیکرٹری جموں وکشمیر لبریشن سیل محمد ادریس عباسی نے بھی خطاب کیا جبکہ اس موقع پر آزادکشمیر کے سیکرٹری تعلیم ارشاد احمد قریشی، محکمہ تعلیم کے آفیسران، آزادکشمیر کے تمام اضلاع کے سکولوں کے بچے، بچیوں اور اساتذہ کرام نے شرکت کی۔ وزیر قانون نے تقرری مقابلے میں اول، دوم اور سوئم پوزیشن حاصل کرنے والوں میں بالترتیب، 50,000، 30,000 اور 10,000کے نقد انعام بھی دےئے اور اپنی طرف سے بالترتیب 5000، 3000، 2000 روپے کا انعام بھی دیا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے راجہ نثار احمد خان نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کے عنوان پر تقریری مقابلے میں پوزیشن لینے والے بچوں کو مبارکباد دیتا ہوں اور امید کرتاہوں کہ ہمارے بچے مستقبل میں تحریک آزادی کشمیر کے لئے اپنا بھرپور کردار بھی ادا کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ تحریک آزادی کشمیر کے لئے ہمارے اسلاف نے بہت بڑی قربانیاں دی ہیں ہمیں اپنے اسلاف کے مشن کی تکمیل کے اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں جاری جدوجہد میں سکولوں کی بچیاں ہاتھوں میں پتھر لےئے ہوئے بھارتی قابض افواج کا مقابلہ کر رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر ہم استصواب رائے سے پیچھے ہٹیں گے تو اقوام عالم کی ذمہ داری ختم ہو جائے گی اس لئے ہم نے استصواب رائے کے لئے جدوجہد جاری رکھنا ہوگی۔ وزیر قانون نے کہا کہ میرٹ انصاف کا نام ہے اگر انصاف قائم نہیں کریں گے تو یہ معاشرہ کبھی بھی نہیں چل سکتا ۔ انہوں نے کہا کہ ہم سب نے ملکر انصاف پر مبنی معاشرہ کے قیام کے لئے کردار ادا کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آزادکشمیر میں میرٹ کے قیام کے لئے قانون سازی بھی کریں گے آئندہ کوئی تقرری میرٹ سے ہٹ کر نہیں ہوگی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سیکرٹری جموں وکشمیر لبریشن سیل محمد ادریس عباسی نے کہا کہ تحریک آزادی کشمیر کے لئے صرف عسکری محاذ ہی کافی نہیں بلکہ فکری محاذ بھی انتہائی اہمیت کاحامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت آزادکشمیر نے تحریک آزادی کو اولین ترجیحات میں رکھا ہوا ہے اور یہ آگاہی مہم تحریک آزادی کی کامیابی اور اس کے منتطقی انجام تک پہنچنے کے لئے ایک سنگ میل ثابت ہوگی۔ آل آزادکشمیر انٹر سکولز تقرری مقابلے منعقد کروانے کا مقصد نئی نسل میں مسئلہ کشمیر کے حوالہ سے آگاہی مہم چلانا ہے تاکہ ہمارے آنے والی نسلوں کو تحریک آزادی کے حوالہ سے آگاہی ہو۔ انہوں نے کہا کہ اس حوالہ سے ڈسٹرکٹ اور تحصیل کی سطح پر بھی تقریری مقابلے منعقد کےئے گئے اور قبل ازیں انٹر یونیورسٹی سطح پر بھی مسئلہ کشمیر اور حق خودارادیت کے حوالہ سے تقرری مقابلے منعقد کےئے جا چکے ہیں۔ آخر میں آزادکشمیر کے وزیر قانون، انصاف و پارلیمانی امور راجہ نثار احمد خان نے پوزیشن لینے والے بچوں میں سرٹیفکیٹس بھی تقسیم کےئے اور آزادکشمیر کے وزیر قانون، انصاف و پارلیمانی امور راجہ نثار احمد خان کو سیکرٹری جموں وکشمیر لبریشن سیل محمد ادریس عباسی نے شیلڈ پیش کی۔