سمال چیمبر آفس کیلئے پلاٹ حاصل کرنیکی کوشش کرینگے،کاشف چوہدری
اسلام آباد(سٹاف رپورٹر)آل پاکستان تاجر اتحاد کے مرکزی صدر محمد کاشف چوہدری نے اسلام آبادچیمبر آف سمال انڈسٹری کے نو منتخب عہدیداران قاضی الیاس صدر ،عمران بخاری سینئر نائب صدر اور طلعت عباسی کو بلامقابلہ نائب صدر منتخب ہونے اور انتخابات کے تمام مراحل بخیر و خوبی انجام دینے پر الیکشن کمیشن کے عہدیداران کو مبارکباد پیش کی ۔اس موقع پر محمد کاشف چوہدری نے تاجر رہنماؤں سے خطاب کرتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ اسلام آباد چیمبر آف سمال انڈسٹری کے نو منتخب عہدیداران اسلام آباد چیمبر کے دفتر کیلئے پلاٹ حاصل کرنے کے لئے کوشش کرینگے جبکہ تاجروں کے درینہ مطالبے منصفانہ قانون کرایہ داری کے بل کی قومی اسمبلی سے منظوری کی جدوجہد بھی جاری رکھیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ نو منتخب باڈی اسلام آباد کے تاجروں کو درپیش مسائل اورحکومت اور تاجر برادری کے درمیان تصفیہ طلب مسائل کے حل کے لئے پل کا کردار ادا کرے گی ۔کاشف چوہدری نے کہا ہم امید کرتے ہیں کہ اسلام آباد چیمبر آف سمال انڈسٹری کے نومنتخب عہدیداران تاجر برادری کے مفادات کا ہر ممکن تحفظ کرینگے ۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے نو منتحب صدر قاضی الیاس نے تاجر برادری کو یقین دلایا کہ نو منتخب باڈی ان کی توقعات پر پورا اترنے کی بھرپور کوشش کرے گی اور کسی بھی صورت میں تاجر برادری کے مفادات پر سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا ۔