حکومت نے بد انتظامی کے ریکارڈ قائم کر دیے،سردارعابد
مظفرآباد(بیورورپورٹ)پاکستان پیپلز پارٹی آزادکشمیر کے مرکزی رہنما و سابق وزیر اطلاعات و تعلقات عامہ سردار عابد حسین عابد نے کہا ہے کہ موجودہ حکمرانوں کی تنخواہوں و مراعات میں معقول اضافے کے بعد بھی اگر کرپشن اور بد انتظامی ہوتی ہے تو پھر جیل اور پھانسی ہونی چاہئیے ۔ہماری حکومت کے دوران ریاستی تشخص کے لیکچر دینے والے دو ہفتے سرکاری وسائل کا استعمال کیا ۔ٹی اے ڈی اے بھی لیے اور اخراجات بھی دل کھول کر کیے ۔گڈ گورننس کے نامپر موجودہ حکمرانوں نے بد انتظامی کے ریکارڈ قائم کر دئیے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپوزیشن چیمبر میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا ۔انہوں نے کہا کہ تعلیمی اداروں ،سڑکات سمیت اجتماعی بھلائی تعمیر و ترقی کے منصوبہ جات سب کیلئے ہوتے ہیں مگر اس حکومت نے تعلیمی اداروں کے خلاف سازشوں کے بعد ہماری حکومت کے فیز سیون شاہرات کے منصوبہ جات بند کر دئیے ہیں ۔ایم ایل ایز کو عوام سے رابطہ رکھنے کی ہدایت کرنے والوں کا خود اپنے ایم ایلز سے رابطہ نہیں ہے ۔ان کے ایم ایل ایز اور ن لیگ والے جو کہانیاں سناتے ہیں انکے حالت اور آنسوؤں پر بہت ترس آتا ہے۔یہ حکومت نوشتہ دیوار پڑھ لے ان کے دن گنے جا چکے ہیں ۔تعلیم ترقی دشمنی حکومت سے نجات ملنے کا وقت بہت قریب ہے ۔