ڈونلڈ ٹرمپ نے شمالی کوریا کے سربراہ کم جونگ ان کا نیا نام رکھ دیا، کیا نام ہے؟ جان کر آپ کی ہنسی نہ رُکے گی
واشنگٹن(مانیٹرنگ ڈیسک) امریکہ ہر حربہ آزما چکا ہے لیکن شمالی کوریا کو نت نئے ایٹمی تجربات سے باز نہیں رکھ سکا اور بظاہر لگتا ہے کہ کم جونگ ان کا نام امریکی صدر ڈونلڈٹرمپ کے اعصاب پر سوار ہو چکا ہے، شاید اسی لیے ہی انہوں نے کم جونگ ان کو ایسا نام دے دیا ہے کہ سن کر ہنسی آ جائے۔ ڈیلی میل کی رپورٹ کے مطابق ڈونلڈٹرمپ نے گزشتہ دنوں شمالی کوریا کے مسئلے پر جنوبی کورین ہم منصب سے گفتگو کی اور بعدازاں اس گفتگو کے متعلق ایک ٹویٹ کی۔ اس ٹویٹ میں انہوں نے شمالی کورین حکمران کم جونگ ان کو ’راکٹ مین‘ کے نام سے پکار کر ان کا تمسخر اڑانے کی کوشش کی۔انہوں نے ٹویٹ میں لکھا کہ ”میں نے جنوبی کوریا کے صدر مون سے گزشتہ رات بات کی اور ان سے پوچھا کہ ’راکٹ مین‘ کیسا ہے۔ شمالی کوریا میں لمبی گیس لائنیں بنائی جا رہی ہیں جو کہ بہت برا اقدام ہے۔“
رپورٹ کے مطابق صدر ٹرمپ نے شمالی کوریا کے مسئلے پر چینی ہم منصب شی جن پنگ سے بھی ٹیلی فون پر گفتگو کی ہے جس میں کم جونگ ان کو نئے ایٹمی تجربات سے باز رکھنے کے لیے مزید دباﺅ بڑھانے کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔ وائٹ ہاﺅس کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ”صدر ٹرمپ اور چینی ہم منصب شی جن پنگ نے اس گفتگو میں اقوام متحدہ کی سکیورٹی کونسل کی قراردادوں پر سختی سے عملدرآمد کروانے اور شمالی کوریا پر زیادہ سے زیادہ دباﺅ بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔ دوسری طرف اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کا اجلاس بھی ہونے جا رہا ہے جہاں اس بار دنیا کے زیادہ تر رہنماﺅں کے خطاب کا مرکزی نکتہ بھی شمالی کوریا کا مسئلہ ہی ہے۔ تاہم اس بار چینی صدر اس اجلاس میں شریک نہیں ہو رہے۔