بھارتی وزیر دفاع کے قتل کا منصوبہ ناکام،2ملزم گرفتار

بھارتی وزیر دفاع کے قتل کا منصوبہ ناکام،2ملزم گرفتار

نئی دہلی (صباح نیوز)بھارتی پولیس نے وزیر دفاع نرملا سیتارامن کے مبینہ قتل کے منصوبہ ساز 2 ملزمان کو گرفتار کرلیا ہے ۔بھارتی میڈیار پورٹس کے مطابق پولیس نے واٹس ایپ کے ذریعے بھارتی وزیر دفاع کے قتل کا منصوبہ بنانے والوں کو گرفتار کرلیا ہے جو نرملا سیتارامن کو ریاست اترکھنڈکے قصبے کے دوران جان سے مارنے والے تھے ۔میڈیار پورٹس کے مطابق بھارتی پولیس کو واٹس ایپ پیغامات سے متعلق اتوار کی شب 9بجکر30 منٹ پر خبردار کیا گیا ،تاہم ملزمان کی گرفتاری کے بعد پولیس کا کہنا تھا کہ ملزمان کی حالت سے شبہ ہوا تھا کہ وہ نشے میں ہیں۔پتھور گڑھ کے ایس پی رام چندرا راج گرو نے میڈیا کو بتایا کہ دونوں ملزمان کے خلاف بھارتی پینل کوڈ کی دفعہ 506 اور انفارمیشن ٹیکنالوجی ایکٹ کیتحت مقدمہ درج کرلیا گیا۔انہوں نے بتایا کہ جن 2 افراد کے درمیان پیغامات کا سلسلہ جاری تھا، ہم نے ان کی شناخت کی اور پیر کو وزیر دفاع کی آمد سے قبل انہیں گرفتار کرلیا ، ان میں سے ایک ملزم نے متنازع پیغام بھیجا تھا کہ میں شوٹ کروں گا، سیتا رامن کو اور کل اس کا آخری دن ہوگا۔ایس پی راج گرو نے کہا کہ دونوں ملزمان کا کوئی مجرمانہ ریکارڈ نہیں لیکن ان سے ہتھیاروں کی موجودگی سے متعلق تحقیقات جاری ہیں اورجس واٹس ایپ گروپ پر مکالمہ جاری تھا اس کے ایڈمن کے کوائف کی تفتیش بھی جاری ہے۔انہوں نے یہ بھی بتایاکہ مذکورہ معاملے کی تحقیقات جاری ہیں، ابتدائی معلومات کے مطابق ملزمان نے یہ گفتگو نشے کی حالت میں کی تھی۔

بھارتی وزیر دفاع

مزید : علاقائی