پی ایف ایم سی جی کا پیاف فاؤنڈرالائنس کی حمایت کا اعلان

پی ایف ایم سی جی کا پیاف فاؤنڈرالائنس کی حمایت کا اعلان

لاہور (کامرس رپورٹر ) پاکستان ایف ایم سی جی امپورٹرز ایسوسی ایشن نے لاہور ایوان صنعت و تجارت کے آنے والے انتخابات میں پیاف فاؤنڈر الائنس کے امیدواروں کی حمایت کا اعلان کر دیا۔اس امر کا اعلان ایسوسی ایشن کے عہدیداروں نے ایک عشائیہ کے دوران کیا جس کی صدارت پیاف فاؤنڈر الائنس کے صدر میاں انجم نثار نے کی جبکہ اس سے خطاب کرنے والوں میں پی ایف آئی اے کے سینئر نائب چیئرمین نفیس باری، نائب چیئرمین اعجاز تنویر، جنرل سیکرٹری علی طارق مٹو،ذیشان بخشی، حاجی ارباب خان، فضل کریم، شیخ خالد، شیخ واجد پروگریسو گروپ کے صدر خالد عثمان ، محمد ارشد چوہدری ، اورعبدالوودود علوی شامل تھے۔پی ایف آئی اے کے عہدیداروں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ امپورٹ پر غیر ضروری ڈیوٹیز اور ٹیکس نہ لگائیں اور نہ ہی اس کی حوصلہ شکنی کریں کیونکہ برآمدات کو بڑھانے کے لئے ایک علیحدہ میکانزم بنانا پڑے گا جس میں ایکسپورٹ انڈسٹری کو مراعات دینے کے علاوہ کاروبار کے موافق حالات اور اخراجات میں کمی کرنی پڑے گی۔

انہوں نے کہا کہ حال ہی میں برآمدات اور درآمدات میں بڑھتے ہوئے خسارہ کی وجہ پاکستان چائنہ اقتصادی راہداری کے منصوبہ جات کے لئے منگوائی جانے والی بھاری مشینری بھی ہے۔ مقررین نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ سمگلنگ کو کچلنے کے لئے بھی اقدامات کرے ۔ انہوں نے کہا کہ 2016 میں ہونے والی ایک تحقیق کے مطابق حکومت کو اس سال ڈھائی بلین ڈالر کا سمگلنگ کی وجہ سے نقصان اٹھانا پڑا۔

مزید : علاقائی