بجلی اور گیس کی قیمتوں میں اضافہ کا فیصلہ فوری طور پر واپس لیا جائے ، سکندر شیر پاؤ

بجلی اور گیس کی قیمتوں میں اضافہ کا فیصلہ فوری طور پر واپس لیا جائے ، سکندر ...

پشاور(سٹی رپورٹر)قومی وطن پارٹی کے صوبائی چیئرمین سکندر حیات خان شیرپاؤنے کہا ہے کہ حکومت بجلی اور گیس قیمتوں میں اضافے کا فیصلہ فوری طور پر واپس لے اور اگرا ضافے کا فیصلہ واپس نہیں لیا گیا تو عوام کی وہ امیدیں جو اس نے نئی حکومت سے لگائی تھیں وہ دم توڑ جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کے غیر منصفانہ اقدامات سے پی ٹی آئی کی قیادت کی حالیہ انتخابات میں عوام کو ریلف دینے کے بلند وبانگ اور کھوکھلے نعرے بے نقاب ہو گئے اور ان کی اصلیت عوام پر عیاں ہو چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی حکومت نے اپنے سوروزہ پلان کا پہلا تحفہ عوام کو سوئی گیس کی قیمتوں میں 46فیصد اور بجلی کے نرخوں میں دو روپے فی یونٹ اضافے کی شکل میں دیدیا ہے۔انھوں نے کہا کہ سوئی گیس اور بجلی کے نرخوں میں بے تحاشہ اضافہ سے عام آدمی کی مشلات میں اضافہ ہو گا۔عوام پہلے ہی سے مہنگائی کی چکی مین پس رہے ہیں اور اوپر سے گیس اور بجلی کی مہنگائی کا بم گرا کر ان کی زندگی مزید مشکلات اور پریشانیوں سے دو چار کی گئی ۔انھوں نے کہا کہ اس اقدام سے مہنگائی کا طوفان امڈ آئے گا جس سے غریب عوام کی پریشانیاں مزید بڑھیں گی۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی نے حکومت سنھبالتے ہی عوام دشمن پالیسیاں اپنا کر عوام کومہنگائی کے دلدل میں دھکیل دیا۔انھوں نے کہا کہ موجودہ حکمرانوں نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں چند پیسے کمی کا ڈرامہ رچا کر سوئی گیس اور بجلی کی قیمتیں بڑھا دی جوکہ کسی صورت قابل برداشت نہیں اور یہ ملک کے غریب عوام پر ظلم کے مترادف ہے۔۔انھوں نے کہا کہ قومی وطن پارٹی قوم پر مزید بوجھ ڈالنے اور حکومت کی من مانی برداشت نہیں کرے گی اور نہ ہی غریب عوام کو حکومت کے رحم و کرم پر چھوڑا جائے گا۔انھوں نے مزید کہا کہ حکومت فوری طور پر سوئی گیس اور بجلی کے نرخوں میں اضافے کا فیصلہ واپس لے کر عوام کو تمام سطحوں پر ریلیف دینے کے اپنے انتخابی وعدوں کو عملی جامہ پہنائے۔انھوں نے کہا کہ قومی وطن پارٹی ہر مشکل گھڑی میں عوام کے شانہ بشانہ کھڑی رہے گی اور ہر فورم پر ان کے حقوق کیلئے آواز اٹھاتی رہے گی۔

مزید : پشاورصفحہ آخر