ڈیرہ ،محرم الحرام کے سلسلے میں سکیورٹی انتظامات کوانتہائی الرٹ کردیا

ڈیرہ ،محرم الحرام کے سلسلے میں سکیورٹی انتظامات کوانتہائی الرٹ کردیا

ڈیرہ اسماعیل خان( بیورورپورٹ)محرم الحرام کے سلسلے میں سیکورٹی انتظامات کوانتہائی الرٹ کردیا۔ شہرکے داخلے کے تمام راستوں کو سیل کردیاگیا۔شہر میں داخل ہونے والے ہرشخص کی تلاشی لی جارہی ہے اوران کا شناختی کارڈ چیک کیاجارہاہے اسی طرح سرکلرروڈ پربھی پاک فوج اورپولیس کے دستے گشت کررہے ہیں ۔ سیکورٹی انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے ڈپٹی کمشنر ڈیرہ نعمان افضل آفریدی اورڈی پی اوظہوربابرآفریدی مختلف تھلہ جات کادورہ کرتے رہے ۔انہوں نے تھلہ متولیان سے ملاقات کی اورسیکورٹی وانتظامی معاملات پربات چیت کی ۔ تھلہ متولیان نے پولیس اورانتظامیہ کی طرف سے کیے گئے اقدامات پر مکمل اعتماد کااظہارکیا۔ یوم عاشورہ کے ماتمی جلوس کے روٹس پرڈیوالہ سے لے کرکوٹلی امام حسین تک خفیہ کیمرے لگادیے گئے ہیں جب کہ پروآاورپہاڑپورمیں بھی اسی طرح کے خفیہ کیمرے جلوسوں کے راستوں پر لگادیے گئے ہیں جن کا مقصدسیکورٹی کے سلسلے میں جلوسوں پرنظررکھناہے ۔یوم عاشورہ کے ماتمی جلوس کے سلسلے میں124مقامات پرپولیس نفری تعینات ہوگی ۔ ڈی پی اوظہوربابرآفریدی نے میڈیاکوبتایاکہ محرم الحرام کے سلسلے میں سابقہ معاہدات پر عمل کیاجائے گا اورکسی کومعاہدے کی خلاف ورزی کی اجازت ہرگزنہیں دیں گے ۔

مزید : پشاورصفحہ آخر