فرقہ وارانہ کشیدگی کے خاتمے کیلئے علماء و مشائخکردار ادا کریں، ذکر اللہ مجاہد

فرقہ وارانہ کشیدگی کے خاتمے کیلئے علماء و مشائخکردار ادا کریں، ذکر اللہ ...

لاہور (ایجوکیشن رپورٹر) امیر جماعت اسلامی لاہور ذکر اللہ مجاہد نے کہا کہ ملک سے فرقہ وارانہ کشیدگی کے خاتمے کیلئے علماء و مشائخ محرم الحرام کے مقد س ماہ میں امن و امان قائم رکھنے کے لیے منبر و محراب کے ذریعے قوم کو امن و یکجہتی کا پیغام دیں ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے دفتر جماعت اسلامی لاہور میں جمعیت اتحاد علما ء لاہور کے ذمہ داران کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اجلاس میں قاری عطاء الرحمن ، مولانا فضل اکبر ، قاری ذکاء اللہ اولکھ ، چوہدری عبدالرشید سمیت دیگر علماء کرام نے شرکت کی ۔ ذکر اللہ مجاہد نے مزید کہا کہ شہر یان لاہور شہر میں امن و امان کی صورتحال قائم رکھنے کیلئے انتظامیہ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں سے بھر پور تعاون کریں اور ملک کے تمام مذہبی رہنما مسلکی اختلافات سے بالاتر ہو کر فرقہ واریت کی آگ بڑھکانے والے ملک دشمن اور شرپسندوں کی سازشوں کو ناکام بنائیں۔انہوں نے کہا کہ نواسہ رسولﷺ حضرت امام حسین ؑ کی شہادت کے فلسفہ کا مطلب اسلام دشمن قوتوں کے خلاف ڈٹ جانا ہے ۔ ہر سال محرم میں کروڑوں مسلمان جن میں شیعہ ، سنی سمیت دیگر مسالک سے تعلق رکھنے والے امام حسینؑ کی شہادت پر اپنے رنج و غم کا اظہار کرتے ہیں لیکن افسوس ہے کہ ان غمگساروں میں بہت ہی کم لوگ اس مقصد کی طرف توجہ دیتے ہیں جس کے لیے حضرت امام حسین ؑ نے اپنے 72 ساتھیوں اور اہلخانہ سمیت اپنی قیمتی جا نیں قربان کر کے جام شہادت نوش فرمائی ۔ انہوں نے کہا کہ آج کا مسلمان قرآن و سنت اور نماز سے دوری کی وجہ سے مسائل کی دلدل میں دھنس چکا ہے ۔ اللہ رب العزت نے دنیا اور آخرت کی کامیابی قرآن اور سنت کے سنہری اصول پرعمل پیرا ہونے والوں کے لیے رکھی ہے ۔ تاریخ گوا ہے کہ جب بھی مسلمانوں نے قرآن و سنت کے احکامات پر عمل کیا دنیا میں اپنا لوہا منوایا اورآج بھی بحیثیت مسلمان ہمیں جذبہ حسینیت کی ضرورت ہے ۔

مزید : میٹروپولیٹن 1