گیس کے عام صارف کے سلیب میں انتہائی معمولی اضافہ کیا گیا، جمشید چیمہ
لاہور( نمائندہ خصوصی )تحریک انصاف کے مرکزی رہنما جمشید اقبال چیمہ نے کہا ہے کہ سوئی گیس کے عام صارف کے سلیب میں انتہائی معمولی اضافہ کیا گیا ہے او راس کا بل صرف 10سے 23روپے تک بڑھے گا ،سوئی نادرن اور سوئی سدرن 2013ء میں منافع میں جارہی تھیں جبکہ تجربہ کار ی کا ڈھنڈورا پیٹنے والے 152ارب روپے کا خسارہ چھوڑ کر گئے ۔ جمشید اقبال چیمہ نے کہا کہ حکومت نے انتہائی نا گزیر حالات میں گیس کے بلوں میں اضافہ کیا ہے لیکن اس میں بھی غریب پر کوئی بوجھ نہیں ڈالا گیا ۔ انہوں نے کہا کہ سابقہ حکمران خزانہ چھلکنے کے دعوے کر رہے تھے لیکن حقیقی صورتحال پوری قوم کے سامنے آ چکی ہے ۔ موجودہ حکومت ملک کے بہترین مفاد میں پائیدار فیصلے کرے گی جس سے آنے والے سالوں میں ہر طبقے کو ریلیف ملے گا۔ انہوں نے کہا کہ سابقہ حکومت کی ناقص پالیسیوں کو تبدیل کیا جائے گا اور حقیقت پسندانہ پالیسیاں ترتیب دی جائیں گی اور اسی سے ملک آگے بڑھے گا۔ جمشید اقبال چیمہ نے کہا کہ گردشی قرضے اژدھا کی صورت اختیار کر چکے ہیں جو ہمارے ادھاروں کو نگلنے کے قریب ہیں ۔ حکومت قومی اداروں کو اپنے پاؤں پر کھڑا کرے گی او رانشا اللہ یہی ادارے قومی خزانے پر بوجھ بننے کی بجائے منافع کمائیں گے۔