پی ٹی آئی حکومت عوام دشمن بجٹ فوری واپس لے، میاں ایوب

پی ٹی آئی حکومت عوام دشمن بجٹ فوری واپس لے، میاں ایوب

لاہور( نمائندہ خصوصی )پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما و سابق مشیر وزیر اعظم میاں محمد ایوب نے پی ٹی آئی حکومت کے بجٹ کو ایک عوام دشمن بجٹ قرار دیتے ہوئے اسے فوری واپس لینے کا مطالبہ کیا ہے اور حکومت کی جانب سے مختلف اشیاء پر چارسو ارب کے ٹیکس لگانے پر اپنے ردعمل کااظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ فوری طور پر ان ٹیکسز کے نفاذ کو رو کا جائے وگرنہ پیپلز پارٹی اس پر بھرپور احتجاج کرے گی پی ٹی آئی کی حکومت نئے ٹیکس لگانے سے باز رہے کیونکہ اس سے ملک میں مہنگائی کا طوفان آئے گا ہم کسی بھی قیمت پر پی ٹی آئی کی حکومت کواس کی اجازت نہیں دیں گے ۔وہ میڈیا سے گفتگو کررہے تھے ۔ان کا کہنا تھا کہ عمران خان تو بڑے دعوے کیا کرتے تھے کہ ان کے پاس معاشیات دانوں کی ایک بڑی ٹیم موجود ہے اور وہ ملک سے قرض بھی اتار دیں گے اور مہنگائی بھی ختم کردیں گے لیکن اب حکومت میں آنے کے بعد ان کے ہاتھ پاؤں کیوں پھول گئے ہیں اور وہ کیوں عوام کی چیخیں نکلوانے پر تل گئے ہیں وہ اپنے وعدے اور اعلان کے مطابق عوام کو ریلیف دیں اور مہنگائی کرنے کا خیال دل سے نکال دیں وگرنہ عوامی غیض و غضب کا نشانہ بننے کے لئے تیار ہو جائیں۔

مزید : میٹروپولیٹن 1