حکومت نے غریب عوام پر مہنگائی کا بم گرا دیا، حیدر ہوتی

حکومت نے غریب عوام پر مہنگائی کا بم گرا دیا، حیدر ہوتی

پشاور ( پ ر ) عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی صدر امیر حیدر خان ہوتی نے گیس کی قیمتوں میں حالیہ اضافے کو یکسر مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ نئے پاکستان کے ثمرات عوام تک پہنچنا شروع ہو چکے ہیں اور حکومت کے آغاز میں ہی غریب عوام پر مہنگائی کا بم گرا دیا گیا ہے ،اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ حکومت عوام کے مسائل اور مشکلات کا ادراک کرتے ہوئے گیس کی قیمتوں میں اضافہ فوری طور پر واپس لے اور عوام کو مہنگائی کی چکی میں پیسنے سے گریز کیا جائے ، امیر حیدر ہوتی نے کہا کہ مہنگائی،بے روزگاری،لوڈ شیڈنگ اور بد امنی نے عوام کا جینا حرام کر دیا ہے اور دوسری طرف نئے پاکستان کے علمبردار حکومت میں آتے ہی نت نئے تجربات سے عوام کے مسائل میں اضافے کا سبب بن رہے ہیں، انہوں نے کہا کہ مرکزی حکومت قبائلی اضلاع کی ترقی کیلئےء اعلان کردہ پیکج کو یقینی بنا کر عوام کی مشاورت سے فلاحی منصوبوں کو ترجیح دے،امیر حیدر ہوتی نے کہا کہ پارٹی تنظیمیں ،ذیلی تنظیمیں اور کارکنان ضمنی الیکشن کیلئے منظم انداز میں انتخابی مہم چلائیں اور جمہوریت دشمن قوتوں اور ان کے آلہ کاروں کو شکست دیں انہوں نے کہا کہ ضمنی الیکشن میں پارٹی کارکن بہترین حکمت عملی کے ذریعے اپنے امیدواروں کی جیت یقینی بنائیں اور عوام کی رائے پر ڈاکہ ڈالنے والوں کا راستہ روک کر عوام کی حقیقی نمائندگی یقینی بنائیں،انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن اپنے اختیارات کسی اور کو تفویض کرنے کی بجائے الیکشن کو صاف شفاف بنانے کیلئے مؤثر انتظامات اٹھائے۔

مزید : کراچی صفحہ اول