وزیراعظم عمران خان 4رکنی وفد کیساتھ سعودی عرب پہنچ گئے

وزیراعظم عمران خان 4رکنی وفد کیساتھ سعودی عرب پہنچ گئے

 اسلام آباد/مدینہ منورہ( آن لائن،آئی این پی ) وزیراعظم عمران خان 4 رکنی وفد کے ہمراہ سعودی عرب پہنچ گئے، عمران خان عمرہ کی ادائیگی سمیت سعودی فرمانروا شاہ عبدالعزیز اور ولی عہد محمد سلمان سے ملاقات کرینگے،وزیراعظم آج دبئی بھی جائیں گے جہاں پر ان کا پاک بھارت میچ دیکھنے کا بھی امکان ہے ۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان سعودی عرب کے2روزہ سرکاری دورے کے پہلے مرحلے میں مدینہ منورہ پہنچے ، ائرپورٹ پر گورنر مدینہ شہزادہ فیصل بن سلمان،سعودی عرب میں پاکستان کے سفیر ہشام بن صدیق، سعودی حکام اور قونصلیٹ کے افسران نے وزیراعظم عمران خان اور ان کے وفد کاپرتپاک استقبال کیا۔وزیراعظم عمران خان نے وفد کے ہمراہ روضہ رسولؐ پر حاضری دی ، نماز مغرب اور نوافل ادا کئے،پاکستان کی ترقی وسلامتی اور امت مسلمہ کے اتحاد کیلئے خصوصی دعاکی۔وزیراعظم اور وفد کیلئے روضہ رسولؐ کے دروازے بھی خصوصی طور پر کھولے گئے ۔وزیراعظم عمران خان کے ہمراہ شاہ محمود قریشی ، وزیر خزانہ اسد عمر ،وزیر اطلاعات فواد چودھری سمیت عبدالرزاق داؤد شامل ہیں۔ وزیراعظم عمران خان عمرہ ادائیگی کے بعد سعودی فرمانروا شاہ عبدالعزیز اور ولی عہد محمد بن سلمان سے اہم ملاقاتیں کرینگے جس میں دوطرفہ تعلقات سمیت خطے کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیاجائے گا ۔وزیراعظم سے اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی)کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر یوسف بن احمد بھی ملاقات کریں گے۔جس کے بعد وزیراعظم دبئی کے ایک روزہ دورے پر روانہ ہوں گے جہاں پر یو اے ای کے ولی عہد محمد بن زید النہیان سے ملاقات میں دوطرفہ باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کرینگے،ذرائع کے مطابق وزیراعظم کا دبئی میں پاکستان اور بھارت کے درمیان ہونے والا میچ دیکھنے کیلئے سٹیڈیمبھی جانے کا امکان ہے ۔

مزید : صفحہ اول