پاکستان اور برطانیہ ترقی و خوشحالی کے سفر میں مضبوط شراکت دار ہیں، عثمان بزدار
لاہور(جنرل رپورٹر)وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے وزیراعلیٰ آفس میں برطانیہ کے وزیر داخلہ ساجد جاوید نے ملاقات کی ،جس میں باہمی دلچسپی کے امور،پاک برطانیہ تعلقات کے فروغ اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ملاقات میں تعلیم و صحت کے شعبوں اور قانون کی حکمرانی کے پروگرام کے تحت تعاون کومزید بڑھانے پر اتفاق کیاگیا۔ وزیراعلی سردار عثمان بزدار نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ وزیراعظم عمران خان نے نئے پاکستان کی بنیاد رکھ دی ہے اور تبدیلی کا آغاز پنجاب سے کیا گیاہے جہاں ایک پسماندہ علاقے سے تعلق رکھنے والے ایم پی اے کو وزیراعلیٰ بنایا گیا ہے۔عثمان بزدار نے کہاکہ پاکستان اور برطانیہ ترقی اور خوشحالی کے سفر میں مضبوط شراکت دار ہیں اورڈیفڈ ((DFIDکے تعاون سے پنجاب میں تعلیم ،صحت اور دیگر شعبوں میں مثالی پروگرام چل رہے ہیں اورپنجاب حکومت ان پروگرامز کو وسعت دینا چاہتی ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ لوگوں کو ان پروگرامز کے ثمرات مل سکیں۔انہوں نے کہاکہ پنجاب حکومت برطانیہ کے تعاون کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے اور ہم مستقبل میں برطانیہ کے تعاون سے مختلف شعبوں میں مزیدبہتری لانے کے خواہاں ہیں۔انہوں نے کہاکہ وزیراعظم کا 100روزہ ایجنڈا پاکستان کی ترقی وخوشحالی کا پروگرام ہے اور اس پروگرام پر عملدرآمد کرتے ہوئے تحریک انصاف کی حکومت پولیس نظام میں اصلاحات کر کے اسے مکمل غیر جانبدار بنائے گی اورپولیس کو حقیقی معنوں میں عوام کا جوابدہ ہونا پڑے گا۔ انہوں نے کہاکہ بلدیاتی نظام میں ضروری تبدیلیاں لا کر اختیارات صحیح معنوں میں نچلی سطح پر منتقل کر رہے ہیں،برطانیہ کے وزیر داخلہ ساجد جاویدنے اس موقع پر کہاکہ مجھے خوشی ہے کہ پنجاب حکومت عوام کی ترقی کے لئے محنت اور لگن کے ساتھ کام کررہی ہے ۔برطانیہ پنجاب حکومت کے ساتھ آئندہ باہمی تعاون کر مزید فروغ دینا چاہتا ہے۔ برطانیہ کے ہائی کمشنر تھامس ڈریو، ڈیپارٹمنٹ فار انٹرنیشنل ڈویلپمنٹ پاکستان کی سربراہ جوانا ریڈ اور اعلی حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔سینئر صوبائی وزیر عبدالعلیم خان،صوبائی وزراء راجہ بشارت،یاسمین راشد، مراد راس،چودھری ظہیرالدین ، یاسر ہمایوں، آشفہ ریاض ، چیف سیکرٹری ، چیئرمین منصوبہ بندی و ترقیات اور متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔ سردار عثمان بزدار سے وزیراعلیٰ آفس میں کمانڈرسینٹرل پنجاب ،پاکستان نیوی، رئیرایڈمرل نوید احمد رضوی نے ملاقات کی ،جس میں باہمی دلچسپی کے ا مور اور پاکستان نیوی کی پیشہ وارانہ سرگرمیوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے سمندری سرحدوں کی حفاظت اور دفاع کا فریضہ بطریق احسن نبھانے پر پاکستان بحریہ کے افسروں اور جوانوں کو خراج تحسین پیش کیا اور کہاکہ پاکستان نیوی پیشہ وارانہ مہارت سے لیس خطے کی بہترین بحری قوت ہے اورپاک بحریہ کی امتیازی حیثیت مسلمہ ہے ۔ ؤ سردار عثمان بزدارنے ڈ یرہ غازی خان کے ٹیچنگ ہسپتال میں خراب سی ٹی سکین مشین کو جلد سے جلد ٹھیک کرنے کیلئے محکمہ صحت کے حکام کو ہدایات جاری کردی ہیں اورکہا ہے کہ سی ٹی سکین مشین خراب ہونے کے معاملے کی تحقیقات کی جائیں اورغفلت کے ذمہ داروں کا تعین کر کے کارروائی عمل میں لائی جائے ۔
سردار عثمان بزدار