جنرل باجوہ کی چینی سینٹرل ملٹری کمیشن کے وائس چیئرمین سے ملاقات

جنرل باجوہ کی چینی سینٹرل ملٹری کمیشن کے وائس چیئرمین سے ملاقات

 بیجنگ (آئی این پی ) چین کی سینٹرل ملٹری کمیشن کے وائس چیئرمین جنرل زینگ یوشیا نے پاک چین عسکری تعاون کو باہمی تعلقات کا ایک اہم ستون قرار دیتے ہوئے کہاہے کہ مشترکہ سیکیورٹی چیلنجز سے نمٹنے کیلئے دونوں افواج کے درمیان اس تعاون کو مزید مضبوط کرنا ہوگا،چین پاکستان اقتصادی راہداری کا مقصد دونوں ملکوں کو فائدہ پہنچانااور ان کے عوام کی زیادہ سے زیادہ خوشحالی ہے،چین پاکستان اور پاکستانی فوج کیساتھ تعلقات اور تعاون کو مزید بڑھانا چاہتا ہے۔منگل کو آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی دورہ چین کے دوران سینٹرل ملٹری کمیشن کے وائس چیئرمین جنرل زینگ یوشیا سے ملاقات میں دو طرفہ تعلقات کے فروغ اور دہشت گردی کے خلاف سیکیورٹی تعاون بڑھانے کی اہمیت پر زور دیا گیا ہے ۔پاک فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر)کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے اپنے دورہ چین کے دوران سینٹرل ملٹری کمیشن (سی ایم سی) کے وائس چیئرمین جنرل زینگ یوشیا سے ملاقات کی۔اس موقع پر چینی جنرل زینگ نے کہا کہ دونوں ملکوں کی افواج کو مشترکہ سیکیورٹی چیلنجز سے نمٹنے کے لئے اس تعاون کو مزید مستحکم کرنا چاہئے ۔آئی ایس پی آر کے مطابق دونوں جنرلز کے درمیان ملاقات میں انسدادِ دہشتگردی، اسلحے کی ٹیکنالوجی اور ٹریننگ کے شعبوں میں باہمی فوجی تعاون مزید بڑھانے پر بھی بات چیت ہوئی۔آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نیسینٹرل ملٹری کمیشن (سی ایم سی)کے وائس چیئرمین سے چین کی پاکستان کی حمایت اور تعاون پر شکریہ ادا کیا۔چین میں پاکستان کے سفیر مسعود خالد بھی ملاقات میں موجود تھے ۔

آرمی چیف ملاقات

مزید : صفحہ اول