ن لیگ ،پیپلز پارٹی نے عوام،ملک کیلئے کچھ نہ کیا،غلام سرورخان
ٹیکسلا(نمائندہ پاکستان )وفاقی وزیر پٹرولیم غلام سرور خان نے کہا ہے کہ گزشتہ کئی سالوں سے ملک میں دو پارٹیوں نے باریوں کی سیاست کی،پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ن نے خوب اقتدار کے مزے لوٹے مگر عوام اور اس ملک کی ترقی کے لئے کچھ نہ کیا،مسلم لیگ ن کے ساتھ ہر اچھائی اور برائی میں شامل ہونے والوں کا کردار اس وقت سامنے آگیا جب مسلم لیگ ن پر مشکل وقت آیا انھوں نے پارٹی کے ساتھ غداری کی اورجیپ پر سوار ہوگئے،ضمنی الیکشن میں وہ لوگ جو چوہدری نثارکے سپاہی بن کر نواز شریف کی مخالفت کر رہے تھے ایک مرتبہ پھر وہ شیر پر سوار ہوگئے،انکا دوغلا کردار لوگوں کے سامنے عیاں ہوچکا ہے،اقتدار میں آتے ہی انکے فون اور گھروں کے دروازے بند عوامی رابطے منقطع ہوجاتے ہیں،ان خیالات کا اظہار انھوں نے مقامی ہوٹل میں ملک پرویزاختر اعوان کی جانب سے اپنے اعزاز میں دیئے گئے عشائیہ سے خطاب کے دوران کیا، تقریب سے ممبر پنجاب اسمبلی ملک تیمور مسعود اکبر، مقائد حزب اختلاف میونسپل کمیٹی تیکسلا ملک محمد پرویز اور میزبان تقریب ملک پرویز اختر اعوان نے بھی خطاب کیا جبکہ تقریب میں،امیدوار قومی اسمبلی منصور حیات خان، چئیرمین وحید خان، تحریک انصاف واہ کے صدر ملک عابد محمود، سردار محمد علی شاہ، سردار عون علی شاہ، ممبران میونسپل کمیٹی ملک ربنواز، ملک مشتاق،ملک اسحاق، حاجی الیاس، افسر خان،نصیر الدین عمار، آصف خان، ملک غلام ربانی،شیخ محمد علی، مدثر شاہ، ملک وقاص، سردار زبیر خان،حاجی ریاض حسین اعوان،سید ساجد حسین شاہ،سمیت جمیل ااباد کے معززین کی کثیر تعداد موجود تھی ،غلام سرور خان کا کہنا تھا کہ آج خیبر سے لیکر کراچی تک پوری قوم نے عمران خان پر اعتماد کا اظہار کیا،تین صوبوں سمیت وفاق میں آج پی ٹی آئی کی حکومت ہے،قوم سے جو وعدے کئے گئے انشا اللہ وہ ضرور پورے ہونگے،پی ٹی آئی اس ملک سے ظلم ، کرپشن ،بددیانتی ، منافقت، سیاسی مخالفین پر جھوٹے پرچے کروا کر انتقامی سیاست کو فروغ دینے کا نظام ختم کرے گی،ہماری سوچ اور کارکردگی میں عوام کو واضح تبدیلی نظر آئے گی،خوشحال اور مضبوط پاکستان کا خواب ضرور شرمندہ تعبیر ہوگا ،میز بان تقریب ملک پرویز اختر اعوان نے تمام شرکاء کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ جس طرح ہم نے جنرل الیکشن میں غلام سرور خان اور انکی ٹیم کو بھاری اکثریت سے کامیاب کیا انشااللہ منصور حیات خان کو بھی بھاری اکثریت سے کامیاب کرائیں گے۔