سرکاری اسپتالوں کی حالت زار توجہ دی جائے،فردوس شمیم نقوی

سرکاری اسپتالوں کی حالت زار توجہ دی جائے،فردوس شمیم نقوی

کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان تحریک انصاف کراچی کے صدر و قائد حزب اختلاف سندھ فردوس شمیم نقوی نے کہا ہے کہ سرکاری ہسپتالوں کی حالت زار سندھ حکومت کا منہ چڑا رہی ہے۔ پی پی والوں نے دسیوں سال حکومت کی لیکن محکمہ صحت کو ٹھیک نہ کیا۔ فردوس شمیم نقوی نے یہ باتیں پارٹی سیکرٹریٹ ’’انصاف ہاؤس‘‘ کراچی سے جاری کردہ اپنے خصوصی بیان میں کہیں۔ انہوں نے مزیدکہا کہ عوام الناس سرکاری ہسپتالوں کو اپنی بیماریوں کے علاج کا ذریعہ سمجھتے ہیں لیکن صورتحال اس کے برعکس ہے۔ لوگ مریض لے کر ہسپتالوں کے باہر بیٹھے رہتے ہیں اور ڈاکٹر ان کا علاج نہیں کرتے۔ ایمرجنسی میں زخمی حالت میں لائے گئے مریض بھی ڈاکٹروں کی لاپرواہی سے جاں بحق ہوجاتے ہیں۔ لوگ رشوت نہ دیں یا سفارش نہ کریں تو ان کے عزیز موت کے منہ میں چلے جاتے ہیں۔ ہزاروں اور لاکھوں میں تنخواہ پانے والا محکمہ صحت کا عملہ بدعنوانی میں ملوث ہے۔ یہ بدعنوانی اوپر سے ہی نیچے کی طرف منتقل ہوتی ہے۔ بدعنوان سیاست دانوں نے ہی دسیوں سال سندھ پر حکومت کی اور اب تک کر رہے ہیں۔ محکمہ صحت کے عملے کا خراب رویہ ڈاکٹروں اور ہسپتالوں سے دور بھاگنے والوں کی حوصلہ افزائی کرتا ہے۔ کتنے ہی لوگ تڑپ تڑپ کر مرنا پسند کرتے ہیں لیکن ہسپتالوں کا رخ نہیں کرتے۔ سرکاری ہسپتال سزائے موت کی کال کوٹھڑی اور ڈاکٹر جلاد بنتے جا رہے ہیں۔ تحریک انصاف اس صورتحال کو بدلنا چاہتی ہے ۔ ہم چاہتے ہیں کہ لوگ سرکاری ہسپتالوں میں علاج کی سہولت آسانی سے حاصل کرسکیں۔ اس کے لیے سندھ حکومت کو بڑے پیمانے پر جامع حکمت عملی سے اصلاحات لانا ہوں گی۔

مزید : راولپنڈی صفحہ آخر