جادہ تاکچہری تعلیمی اداروں کے باعث ٹریفک جام معمول بن گیا
جہلم(بیورورپورٹ)جادہ تا کچہری ، کچہری تا شاندار چوک سمیت اولڈ جی ٹی روڈ پر واقع ہائی و پرائمری سکولزو کالجز کے باہر چھٹی کے اوقات کے وقت طلبہ و طالبات کو واپس گھروں کو پہنچانے کے لئے کھڑے رکشاؤں ، موٹر سائیکلوں اور گاڑیوں کیوجہ سے طویل دورانئے تک سڑکیں بند ہونے لگیں ،چھٹی کے اوقات میں مسافروں ، ایمبولنسسز سمیت سرکاری اداروں کے افسران و اہلکاروں کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑرہا ہے ۔ ٹریفک پولیس کا عملہ نہ ہونے کی وجہ سے چھٹی کے اوقات میں ٹریفک کے اژدہا نے راہگیروں کے لئے مسائل کھڑے کر دےئے ، اس دوران پیدل چلنے والوں کا نیا امتحان شروع ہو جاتا ہے ، راہگیروں کو طویل دورانئے تک ٹریفک کے کھلنے کا انتظار کرنا پڑتا ہے جبکہ اس دوران ایمبولنسسز سمیت سرکاری اداروں کی گاڑیوں کو بھی دشواری کا سامنا کرنا پڑتا ہے جس کیوجہ سے کچہری روڈاور شاندار چوک کی جانب آمدوفت کرنے والوں کے وقت کا ضیاع بھی ہوتا ہے ، شہریوں نے ڈی پی او جہلم، ڈی ایس پی ٹریفک سے مطالبہ کیا ہے کہ کچہری روڈ، اولڈ جی ٹی روڈ سمیت شہر کے چوک چوراہوں میں بے ہنگم ٹریفک کو کنٹرول کرنے کے لئے ٹریفک پولیس کے افسران و اہلکاروں کو تعینات کیا جائے تاکہ شہریوں کی مشکلات میں کمی واقع ہو سکے۔