یونین کونسل 46،گٹر بند ، سڑکوں پر پانی ، شہریوں کا واسا کیخلاف مظاہرہ ،حکام کو ڈیڈ لائن دیدی

یونین کونسل 46،گٹر بند ، سڑکوں پر پانی ، شہریوں کا واسا کیخلاف مظاہرہ ،حکام کو ...

ملتان ( سٹاف رپورٹر) یونین کونسل 46پیر کالونی نمبر 3کے مکینوں کو نکاسی آب کے سلسلے میں بدترین صورتحال کا سامنا لوگ گھروں میں محصور ہو گئے یہاں تک کے مساجد اور امام بارگاہوں میں جانا بھی ناممکن ہو چکا۔ اس سلسلے میں اہلیان وارڈ نمبر ۴پیر کالونی نے جنرل کونسلر چوہدری (بقیہ نمبر16صفحہ12پر )

فیاض علی کی قیادت میں بھرپور احتجاجی مظاہرہ کیا جس میں محمد بلال، رانا راشد علی، محمد خالد، محمد جمیل، داؤد گجر، محمد خرم ، وکی شاہ، محمد نعمان، محمد شہزاد، محمد اشفاق، محمد اقبال، رانا سرور، محمد عمران، محمد علی،محمد ارشد، محمد رمضان و دیگر نے شرکت کی۔ اس موقع پر جنرل کونسلر چوہدری فیاض علی نے بتایا کہ یہ صورتحال گذشتہ سوا سال سے جوں کی توں ہے جب بھی شکایت کی جائے وقتی طور پر واسا کا عملہ پانی نکال جاتا ہے لیکن اب تک اس مسئلے کا مستقل حال نہیں کیا گیا جس کے براہ راست ذمہ دار سب انجنیئر و ایس ڈی او واسا لالہ قاسم ہیں جو گذشتہ 20سال سے اس عہدے پر مسلط ہیں۔ انہوں نے الزام لگایا کہ مذکورہ افسر ٹھیکے داروں سے کمیشن لے کر ناقص میٹریل استعمال کراتا ہے جس کی وجہ سے گٹر لائین اکثر بند رہتی ہے۔ انہوں نے ایکسیئن محمد عرفان کو بھی انتہائی تنقید کام نشانہ بنایا اور کہا کہ وہ بھی نا اہل ترین افسر ہیں اور اس غفلت میں برابر کے شریک ہیں۔اہلیان پیر کالونی نے عوامی نمائندوں پر الزام لگایا کہ یہ عوامی مسائل سے غافل ہو چکے ہیں ۔ دیگر مقررین نے بھی ایم ڈی واسا کو اس ساری صورتحال کا ذمہ دار قرار دیتے ہوئے کہا کہ واسا کے کرپٹ افسران کو ایم ڈی کی آشیر باد حاصل ہے اس لئے انہوں نے بھی کبھی صورتحال کا جائزہ لینے کی زحمت گوارہ نہیں کی۔مظاہرین نے کہا کہ یہاں مسجد بیت المحمود، درسگاہیں اور امام بارگاہ وکی شاہ بھی موجود ہے اور خواتین کو مجالس عزا میں جانے کے لئے مشکل کا سامنا کرنا پڑتا ہے ۔ سڑکوں پر بدبودار اور تعفن زدہ پانی کھڑ ا ہونے سے آمدورفت انتہائی مشکل ہو چکی ہے۔ انہوں نے انتباہ کیا کہ اگر اس مسئلے کا فوری حال نہ کیا گیا تو وہ واسا افسران کے دفاتر اور منتخب عوامی نمائندوں کے گھروں کا بھی گھیراؤ کریں گے۔مظاہرین نے اس موقع پر شدید نعرے بازی کی ۔دریں اثناء منیجنگ ڈائریکٹر واسا مشتاق احمد خان نے پیر کالونی میں سیوریج شکایت کا نو ٹس لیا ہے اور ڈپٹی ڈائریکٹر سیوریج ساؤتھ ڈویژن کو شکایت کا فوری ازالہ کر نے کے ساتھ تمام سیوریج افسران کو اپنی اپنی حدود میں جلوس روٹس پر نکاسی آب سے متعلق شکایات ہنگامی بنیادوں پر دور کرنے کے احکامات جاری کر دئیے ہیں انہوں نے تمام ڈپٹی ڈائریکٹر ز سیوریج کو ہدایت کی ہے کہ وہ اپنی حدود میں جلوس روٹس امام بارگاہوں اور قبر ستانوں کے اردگرد سیوریج شکایات کے حوالے سے ہائی الرٹ رہیں اور لائسنسداران سے مکمل رابطہ رکھیں اور نکاسی آب سے متعلق شکایت موصول ہو تے ہی بلاتا خیر اس کا ازالہ کیا جائے۔

مزید : ملتان صفحہ آخر