وزیراعظم عمران خان کی سعودی فرمانروا شاہ سلمان سے ملاقات،باہمی دلچسپی، دوطرفہ تعلقات اور اقتصادی امور پر تفصیلی تبادلہ خیال

وزیراعظم عمران خان کی سعودی فرمانروا شاہ سلمان سے ملاقات،باہمی دلچسپی، ...
وزیراعظم عمران خان کی سعودی فرمانروا شاہ سلمان سے ملاقات،باہمی دلچسپی، دوطرفہ تعلقات اور اقتصادی امور پر تفصیلی تبادلہ خیال

  

مکہ المکرمہ(ڈیلی پاکستان آن لائن)  وزیراعظم عمران خان کی سعودی فرمانروااور  خادم الحرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز سے تفصیلی ملاقات ہوئی ہے، ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، دوطرفہ تعلقات، تجارت، سرمایہ کاری اور اقتصادی تعلقات کے امور پر بات چیت ہوئی جبکہ وزیر اعظم کی سعودی عرب کے دیگر اعلیٰ حکام سے بھی ملاقات ہوئی ہے۔

نجی ٹی وی چینل” جیو نیوز“ کے مطابق وزیراعظم عمران خان سعودی فرماںروا شاہ سلمان  سے ملنے شاہی محل پہنچے جہاں ان کی سعودی فرماںروا سے ملاقات ہوئی،اس موقع پر شاہی محل میں وزیر اعظم عمران  خان کو گارڈ آف آنر بھی پیش کیاگیا جبکہ دونوں ممالک کے قومی ترانوں کی دھنیں بھی پیش کی گئیں۔،ملاقات کے موقع پر وزیراعظم کے ہمراہ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، وزیر خزانہ اسد عمر، وزیر اطلاعات فواد حسین، مشیرتجارت عبد الرزاق داؤد اور سعودی عرب میں پاکستان کے سفیر خان ھشام بن صدیق بھی موجود تھے۔

اس سے قبل وزیراعظم عمران خان نے او آئی سی کے سیکریٹری جنرل ڈاکٹر یوسف العثیمین سے بھی ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور اور مسلم امہ کو درپیش چیلنجز پر گفتگو کی گئی،ملاقات میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، سیکریٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ اور سعودی عرب میں پاکستانی سفیر ہشام بن صدیق ملاقات میں موجود تھے۔

۔۔۔وڈیو دیکھیں۔۔۔

دوسری جانب وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے سعودی ہم منصب عادل بن احمد الجبیر سے ملاقات کی جس میں پاکستان کے سفیر خان ہشام بن صدیق اور سعودی عرب کے سفیر نواف المالکی بھی موجود تھے،ملاقات دوطرفہ تعلقات کو مزید بہتر کرنے پر بات چیت کی گئی جب کہ اس موقع پر وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاک سعودی تعلقات کی بنیاد مضبوط ہے اور اس دورہ سے ہمارے تعلقات کو مزید تقویت ملے گی۔

  

اس سے قبل دورہ سعودی عرب پر گئے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے گزشتہ رات عمرہ ادا کیا،ان کی آمد پر خانہ کعبہ کا دروازہ خصوصی طور پر کھولاگیا، جہاں وزیراعظم نے نوافل ادا کیے اور ملک کی خوش حالی کے لیے دعائیں کیں۔

مزید : قومی /بین الاقوامی /اہم خبریں