نواز شریف، مریم نواز اور کیپٹن (ر) صفدر اڈیالہ جیل سے رہا

نواز شریف، مریم نواز اور کیپٹن (ر) صفدر اڈیالہ جیل سے رہا
نواز شریف، مریم نواز اور کیپٹن (ر) صفدر اڈیالہ جیل سے رہا

  

اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن) اسلام آباد ہائیکورٹ کے فیصلے کے بعد سابق وزیر اعظم نواز شریف، صاحبزادی مریم نواز اور داماد کیپٹن (ر) صفدر کو اڈیالہ جیل سے رہا کردیا گیا ہے۔

میڈیارپورٹس کے مطابق نواز شریف، مریم نواز اور کیپٹن (ر) صفدر اڈیالہ جیل سے رہا کر دیا گیا ،رہائی کے بعد میاں نوازشریف، مریم نواز اور محمد صفدر خصوصی طیارے کے ذریعے لاہور پہنچیں گے جہاں انہیں سخت سیکیورٹی میں جاتی امرا پہنچایا جائے گا،بے نظیر ایئرپورٹ پر سیکیورٹی کی اضافی نفری تعینات کر دی گئی ہے۔

یاد رہے اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس اطہر من اللہ اور جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب پر مشتمل دو رکنی بینچ نے سزا معطلی کی درخواستوں پر سماعت کی،آج کی سماعت کے دوران پراسیکیوٹر نیب اکرم قریشی نے اپنے دلائل مکمل کیے تو نواز شریف کے وکیل خواجہ حارث نے مختصر جوابی دلائل دیے جس کے بعد عدالت نے فیصلہ محفوظ کیا۔

تین بجتے ہی جسٹس اطہر من اللہ نے فیصلہ سناتے ہوئے نواز شریف، مریم نواز اور کیپٹن (ر) محمد صفدر کو احتساب عدالت کی جانب سے سنائی جانے والی سزائیں معطل کردیں اور انہیں رہا کرنے کا بھی حکم جاری کیا،عدالت نے مختصر تحریری فیصلہ بھی جاری کردیا جس میں قرار دیا گیا ہے کہ سزا معطلی سے متعلق درخواست گزاروں کی اپیلیں منظور کی جاتی ہیں، اپیلوں پر حتمی فیصلے تک احتساب عدالت کی سزائیں معطل کی جاتی ہیں جس کی وجوہات بعد میں تفصیلی فیصلے میں دی جائیں گی،فیصلے میں کہا گیا کہ نواز شریف، مریم نواز اور کیپٹن (ر) محمد صفدر 5،5 لاکھ روپے کے ضمانتی مچلکے جمع کرائیں، پٹیشنرز کی درخواستوں پر تفصیلی فیصلہ بعد میں جاری کیا جائے گا۔

یاد رہے کہ تینوں شخصیات کی سزائیں اس وقت تک معطل رہیں گی جب تک اسلام آباد ہائیکورٹ میں اپیلوں پر فیصلہ نہیں سنا دیا جاتا۔

مزید : Breaking News /اہم خبریں /قومی /علاقائی /پنجاب /راولپنڈی