بھارت نواز جماعتوں نے آج تک کشمیریوں کو دھوکہ اور فریب کے سوا کچھ نہیں دیا: سید علی گیلانی

بھارت نواز جماعتوں نے آج تک کشمیریوں کو دھوکہ اور فریب کے سوا کچھ نہیں دیا: ...
بھارت نواز جماعتوں نے آج تک کشمیریوں کو دھوکہ اور فریب کے سوا کچھ نہیں دیا: سید علی گیلانی

  

سرینگر(این این آئی)کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین سید علی گیلانی نے کشمیری عوام سے مقبوضہ علاقے میں ہونے والے میونسپل اور پنچائتی انتخابات کا مکمل بائیکاٹ کرنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ کشمیری کسی قسم کے نام نہاد او رڈھونگ انتخابات کیلئے نہیں بلکہ اپنے پیدائشی حق، حق خود ارادی کے لیے قربانیاں دے رہے ہیں۔ 

کشمیر میڈیاسروس کے مطابق سید علی گیلانی نے سرینگر میں منعقدہ کل جماعتی حریت کانفرنس کی مجلس شوریٰ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کشمیر ایک دیرینہ حل طلب سیاسی اور انسانی مسئلہ ہے جس کے حل کیلئے کشمیری گزشتہ ستر برس سے بیش بہا قربانیاں دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارت نے 1947میں کشمیریوں کی مرضی اور منشا کے خلاف جموں وکشمیر کے ایک بڑے حصے پر ایک منصوبہ بند سازش کے تحت قبضہ جمایا جسکا کوئی سیاسی اور اخلاقی جواز نہیں تھا۔ مقبوضہ کشمیر کی بھارت نواز جماعتیں غیر قانونی بھارتی قبضے کو دوام بخشنے کا باعث بنتی رہی ہیں اور ان جماعتوں نے کشمیریوں کو آج تک دھوکہ اور فریب کے سوا کچھ نہیں دیا۔ 

سید علی گیلانی نے کہا کہ بھارت کی طرف سے مقبوضہ علاقے میں رچائے جانے والے کسی بھی انتخابی عمل میں لینا شہدا کے خون سے بیوفائی ہو گی لہذا کشمیری بھارت نواز رہنماؤں کے کسی فریب میں مزید نہ آئیں اور ڈھونک بلدیاتی انتخابات سے مکمل دور رہیں۔سید علی گیلانی نے شہدائے کشمیرکو شاندار خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ شہداء کے عظیم مشن کو اسکے منطقی انجام تک پہنچانا ہم سب کی مشترکہ ذمہ دار ی ہے۔

مزید : علاقائی /آزاد کشمیر /مظفرآباد