نواز شریف اور مریم نواز لاہور ائیرپورٹ سے جاتی امراءروانہ، ان کی گاڑی کون چلا رہا ہے؟ جان کر آپ کو بھی حیرت ہو گی
لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) سابق وزیراعظم نواز شریف، ان کی صاحبزادی مریم نواز اور داماد کیپٹن (ر) صفدر اسلام آباد ہائیکورٹ کے فیصلے کے بعد اڈیالہ جیل سے رہا ہونے کے بعد خصوصی طیارے کے ذریعے لاہور پہنچ گئے ہیں۔
نواز شریف، مریم نواز اور محمد صفدر کیساتھ شہباز شریف اور جنید صفدر بھی لاہور پہنچے جہاں حمزہ شہباز شریف اور کارکنوں کی بڑی تعداد نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔ نواز شریف، مریم نواز اور کیپٹن (ر) صفدر جہاز سے اترنے کے بعد گاڑی میں بیٹھے جسے حمزہ شہباز شریف ڈرائیور کر رہے تھے۔ گاڑی حج ٹرمینل سے باہر نکلی جہاں کارکنوں کی بڑی تعداد نے اپنے قائد کو دیکھ کر نعرےب بازی شروع کر دی۔ گاڑی میں بیٹھے نواز شریف اور مریم نواز ہاتھ ہلا کر کارکنوں کے نعروں کا جواب دیتے رہے۔ نواز شریف مریم نواز اور محمد صفدر کی گاڑی قافلے کی صورت میں جاتی امراءکی جانب روانہ ہو گئی ہے۔
واضح رہے کہ اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس اطہر من اللہ اور جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب پر مشتمل دو رکنی بنچ نے نواز شریف، مریم اور کیپٹن (ر) صفدر کی سزا معطلی کی اپیلوں پر سماعت کی۔ نیب پراسیکیوٹر اکرم قریشی کے دلائل اور نواز شریف کے وکیل خواجہ حارث کے جوابی دلائل مکمل ہونے کے بعد اسلام آباد ہائیکورٹ کے جج جسٹس اطہر من اللہ نے مختصر فیصلہ پڑھ کر سنایا۔
ہائی کورٹ نے احتساب عدالت کا فیصلہ معطل کرتے ہوئے نواز شریف، مریم اور صفدر کو رہا کرنے کا حکم دیا۔ عدالت نے تینوں ملزمان کو پانچ پانچ لاکھ روپے کے ضمانتی مچلکے جمع کرانے کا حکم دیتے ہوئے قرار دیا کہ تینوں ملزمان کی اپیلوں پر حتمی فیصلے تک احتساب عدالت کا حکم معطل رہے گا۔